پیپلز پارٹی کا منشور غریبوں، کسانوں اور متوسط طبقوں کی خدمت سے عبارت ہے،پی پی پی نے ہر ایک کیلئے اپنے دروازے کھول رکھے ہیں ،پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، صوبائی وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان کا عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 30 جنوری 2013 21:50

دیرپائین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30جنوری۔ 2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور غریبوں، کسانوں اور متوسط طبقوں کی خدمت سے عبارت ہے اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہوتے ہوئے پی پی پی نے ہر ایک کیلئے اپنے دروازے کھول رکھے ہیں اورپارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وہ بدھ کو دیر پائیں کی یونین کونسل بانڈہ گئی میں موضع بریکوٹ کے مقام پر پاکستان پیپلزپارٹی کی ایک شمولیتی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ جس میں جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکنوں شیر اعظم خان،غلام بہادر،بخت بہادر،بخت منیر خان،فیاض خان،محمد زرین خان، علی محمد،حمید اللہ،حیات خان،نیک عمل خان اور فاتح زمین خان نے مستعفی ہو کر پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق یو سی ناظم ملک جاوید اقبال،پی پی پی کے مقامی رہنما ملک ارشاد،مثل خان،محمد رزاق اور ملک تاج محمد کے علاوہ پارٹی کارکنوں اور علاقہ کے عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ے کہا کہ ایک منتخب نمائندہ تب طاقتور ہوتا ہے جب ان کو عوام کی حمایت حاصل ہو انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے انہوں نے کوشش کی ہے کہ اپنے حلقے کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کرنے میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بحیثیت منتخب عوامی نمائندہ انہوں نے عوام کے حق کو صحیح طریقے سے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے انکے حوالے کیا ہے اور عوام کی طاقت سے آئندہ بھی عوامی خدمت میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کیلئے بجلی کانیا 100کے وی ٹرانسفارمر اور سڑک کی تعمیر کیلئے گرانٹ دی جائے گی۔ اس موقع پر معززین علاقہ نے صوبائی وزیر کو علاقے میں توقع سے زائد ترقیاتی کام کروانے پر خراج تحسین پیش کیا اور اپنی طرف سے آئندہ بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :