حکومت گنے کے پھوگ سے3000میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے شوگر ملوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی ، پالیسی میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی ، حکومت ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ 1500میگاواٹ بجلی گنے کے پھوگ سے پیدا کرکے جلد ازجلد نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے،پانی و بجلی کے وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار کا گنے کے پھوگ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پرمنعقدہ اجلاس سے خطاب

بدھ 30 جنوری 2013 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30جنوری۔ 2013ء) پانی و بجلی کے وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ حکومت گنے کے پھوگ سے3000میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے شوگر ملوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی اور اس سلسلہ میں پالیسی میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی ، حکومت ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ 1500میگاواٹ بجلی گنے کے پھوگ سے پیدا کرکے جلد ازجلد نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے۔

وہ بدھ کو گنے کے پھوگ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستا شوگر ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں اس وقت87سے زائد شوگر ملز ہیں جن میں3000ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سے نہ صرف فرنس آئل کی درآمد میں کمی ہوگی بلکہ33ارب سے لیکر49ارب تک زرمبادلہ کی بچت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے مشینری مقامی سطح پر تیارہورہی ہے ۔ ایک منصوبہ مکمل ہونے میں ایک سال کا قلیل عرصہ درکار ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گنے کے پھوگ سے بجلی کی پیداوار موسم سرما میں حاصل ہوگی۔ جب پن بجلی کی پیداوار کم ہوتی ہے ۔ اجلاس میں اس سلسلہ میں پالیسی ڈرافٹ پر غور کریں گے۔ اس کو مزید آسان بنانے کے لئے اس میں ترامیم تجویز کی گئیں جبکہ سفارشات کے لئے کمیٹی قائم کی گئی جو آئندہ ہفتے اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ گنے کے پھوگ سے بجلی پیدا کرنے کے لئے متبادل توانائی بورڈ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کریگا۔

متعلقہ عنوان :