نشتر ہسپتال ملتان میں مریضوں کو زائد المیعاد ادویات کی فراہمی کا انکشاف، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت ، ایم ایس کو ذمہ دار قرار دے دیا، ینگ ڈاکٹرز پرو پیگنڈہ کر رہے ہیں ہسپتال انتظامیہ

جمعرات 31 جنوری 2013 19:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31جنوری۔ 2013ء) نشتر ہسپتال ملتان میں مریضوں کو زائد المیعاد ادویات کی فراہمی کا انکشاف، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت اور ایم ایس نشتر کو ذمہ دار قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نشتر ہسپتال کے آوٴٹ ڈور کی پرچی سے دو مریض ریاض حسین اور کامران علی پرچی نمبر 8707اور 1403 لے کر آئے جن پر السر ٹیک اور ہائی کین سیرپ تجویز کیا گیا تھا۔

فارمیسی سے جب یہ مریض سیرپ لے کر آئے تو ان پر ایکسپائر تاریخ فروری 2013درج تھی جس پر ینگ ڈاکٹرز نے مریضوں سے یہ ادویات لے لیں اور میڈیا کو یہ ادویات دکھائیں ۔ مریضوں نے بتایا کہ یہ سیرپ معدے کی تیزابیت کو کم کرنے کے لئے ہے۔ جب فارمیسی والے سے کہا کہ یہ سیرپ ایکسپائر ہو گیا ہے تو یہ کیوں دے رہے ہیں تو اس نے کہا کہ لینا ہے تو لیں ورنہ رکھ کر چلے جائیں۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرزا یسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مظہر چودھری اور چیئرمین ڈاکٹر علی وقاص نے صحافیوں کو بتایا کہ زائد المیعاد ادویات دو ماہ پہلے کمپنی کو واپس کر دی جاتی ہیں مگر ایسا نہیں کیا گیا اور ابھی تک مریضوں کو یہ سیرپ دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیرپ تیار کرنے والی پولی فائن نامی کمپنی جو پشاور کی ہے غیر معروف ہے جس کے ساتھ نشتر انتظامیہ نے معاہدہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نشتر ہستپال میں ادویات کی قلت اور بدا نتظامی عروج پر ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائدالمیعاد ادویات دے کر مریضوں کی جان سے کھیلا جارہا ہے جس کی ذمہ داری پنجاب حکومت اور ایم ایس نشتر ڈاکٹرجاوید عمر پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا ایم ایس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نشتر فارمیسی کے سٹور کیپر صدیق نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز پرو پیگنڈہ کر رہے ہیں آج ان کے پاس دونوں سیرپ کا سٹاک ختم ہو گیا ہے سیرپ ابھی ایکسپائر نہیں ہوئے نہ ہی ان کے استعمال سے کچھ ہوتا ہے۔

اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر جاوید عمر نے بتایا ہائی کین اور السر ٹیک سیرپ کا تھوڑا سٹاک باقی رہ گیا ہے یہ جلد ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیرپ فروری کا پورا مہینہ استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :