کرم ایجنسی ،مالی خیل میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، پولیو ٹیم کے 2 رضاکار جاں بحق ،موٹرسائیکل تباہ

جمعرات 31 جنوری 2013 19:18

پارا چنار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31جنوری۔ 2013ء) کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مالی خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کے 2 رضاکار جاں بحق جبکہ ان کی موٹرسائیکل تباہ ہوگئی۔ جمعرات کو پولیٹیکل انتظامیہ اور ہسپتال ذرائع کے مطابق اپر کرم ایجنسی کے علاقے مالی خیل میں موٹر سائیکل سوار پولیو ٹیم کے دو اہلکار اکبر حسین اور مزمل حسین اس وقت دھماکے سے جاں بحق ہو گئے جب ان کی موٹر سائیکل کچے راستے پر نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی دھماکے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق او رموٹر سائیکل تباہ ہو گئی۔

کرم ایجنسی میں پولیو ویکسین کیتین روزہ مہم گزشتہ روز مکمل کی گئی تھی جبکہ مہم کے دوران باقی رہ جانے والے بچوں کو ویکسین کے قطرے پہنچانے کیلئے ایک دن بڑھا کر جمعرات کو ایک روز کیلئے اضافی مہم چلائی جا رہی تھی کہ دونوں ویکسینیٹر راستے میں بارودی سرنگ کا شکار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیٹیکل حکام کے مطابق فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکے میں کون سا گروپ ملوث ہے تاہم حکام نے جائے حادثہ کے معائنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دریں اثناء طوری بنگش قائل کے رہنما حاجی حامد حسین اور دیگر قبائلی عمائدین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دوسرے علاقوں میں پولیو ٹیموں پر جو حملے ہو رہے ہیں یہ واقعہ بھی اس کا حصہ ہے اور یہ علاقے کے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش ہے ہمیں مقامی قبیلے مالی خیل سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کی ہلاکت پر افسوس ہے ۔ قبائلی عمائدین نے حکومت سے اس قسم کی کارروائیاں روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :