Live Updates

ہیلتھ ایجوکیشن کا دائرہ کار صوبہ کے دور دراز علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے ،صحت کے شعبے کی بہتری اور لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،وزیراعلیٰ شہباز شریف کا شعبہ صحت کے منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 31 جنوری 2013 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیاہے۔پنجاب بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے شعبہ صحت کے موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں۔

بہاولپور میں410، شاہدرہ میں 300بستروں کاجبکہ راولپنڈی میں امراض قلب کا جدید ہسپتال بنایاگیاہے۔وہ جمعرات کوماڈل ٹاؤن میں شعبہ صحت کے منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین اسمبلی حنیف عباسی، رانا محمداقبال خان،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے شعبہ صحت کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ایجوکیشن کا دائرہ کار صوبے کے دور دراز علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے نئے میڈیکل کالجز کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں نئے میڈیکل کالجز کے قیام سے میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے راولپنڈی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں کے امراض قلب میں مبتلا افراد مستفید ہوں گے۔ تعلیم کی طرح صحت کی بہتر سہولیات پر معاشرے کے ہرفرد کا پورا حق ہے، پنجاب حکومت یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں جاری صحت کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے ہسپتالوں کے لئے جدید مشینری کی شفاف خریداری اور قابل افراد کی میرٹ پر بھرتی یقینی بنائی گئی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات