لاہورہائیکورٹ نے ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز، سیکرٹری صحت اور پی ایم ڈی سی کے صدر کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی،فریقین سے 10روز میں جواب طلب

جمعہ 1 فروری 2013 12:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1فروری 2013ء ) لاہورہائیکورٹ نے پنجاب میں ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز ،سیکرٹری صحت اور پی ایم ڈی سی کے صدر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی اور فریقین سے 10روز میں جواب طلب کر لیا۔جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹروں کی بلاجواز ہڑتال اور سیکرٹری صحت کی جانب سے معاملات کوحل نہ کرنے کے باعث ڈیڈ لاک پیدا ہو چکا ہے جبکہ پی ایم ڈی سی کے صدر بھی اپنا کوئی کردار ادا نہیں کر رہا جس کے باعث مریضوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے لہذا تمام فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 10 روز میں فریقین سے جواب طلب کرلیا۔