حکومت معاشرے کے مختلف طبقوں کی یکساں ترقی کیلئے فنڈز فراہم کررہی ہے،ارکان پارلیمنٹ ذاتی طورپر اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں ،قبائلی علاقوں میں یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجوں ، پیشہ وارانہ اور فنی تعلیم کے کالجوں کے قیام پرتوجہ دی جارہی ہے ،وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ارکان پارلیمنٹ وگورنرخیبرپختونخوا سے گفتگو

جمعہ 1 فروری 2013 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1فروری۔ 2013ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقوں کی یکساں ترقی کیلئے فنڈز فراہم کررہی ہے۔ وہ جمعہ ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کواسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا سالانہ ترقیاتی منصوبہ عام آدمی کے مسائل اور ملک میں اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو مدنظررکھ کر بنایا گیاہے انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی مختلف مراحل میں بھرپور انداز میں کردارادا کر رہے ہیں اور یہ ایجنڈا عوام کی بھلائی ہے۔

وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ذاتی طورپر اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ کام کامعیار اور اس کی وقت پر تکمیل کویقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں کے مسائل کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا انہوں نے ان علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

دریں اثناء وزیراعظم سے خیبرپختونخوا کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے بھی ملاقات کی وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے گورنر اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کی انتظامیہ خصوصاً فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اْن کوششوں کی تعریف کی جوانہوں نے غلانئی اورملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت دور کرنے کے لئے مہمند ایجنسی میں گنڈاؤ کے مقام پر ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کے سلسلے میں کی ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں یونیورسٹیوں \' میڈیکل کالجوں \' پیشہ وارانہ اور فنی تعلیم کے کالجوں اور دیگرمتعلقہ اداروں کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر نے وزیراعظم کو بتایا کہ وفاق کے زیرانتظام علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے حکومت کی جانب سے ریکارڈ رقم مختص کرنے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں پرکام شروع ہونے سے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو وفاق کے زیرانتظام علاقوں کے اْن ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائیں جو اس وقت تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔