یورپ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اسمارٹ قومی شناختی کارڈ منصوبہ ختم

ہفتہ 2 فروری 2013 19:06

لندن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔2فروری۔ 2013ء) نادرا نے یورپ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اسمارٹ قومی شناختی کارڈ منصوبہ ختم کردیا ہے۔فیصلہ سیکیورٹی ایجنسیز ،وزرارت خارجہ کے شدید تحفظات کے بعد کیا گیا ہے۔منصوبے کے ذریعے پاکستانیوں کے بارے میں حساس معلومات غیر ملکی کمپنی کے ہاتھوں میں جانے کا خدشہ تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے آزاد قانونی فرم سے رائے لینے کے بعد یورپ میں بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اسمارٹ شناختی کارڈ کا منصوبہ ختم کردیا ہے۔

اس منصوبے کے ذریعے یورپ میں اسمارٹ کارڈ انٹرنیشنل identityسروسز کے ذریعے پاکستانیوں کو دیے جانے تھے۔جولائی دو ہزار بارہ میں رحمان ملک کی ہدایت پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے برطانیہ اور یورپ کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ابتدا میں آئی ایس آئی نے منصوبے پر رضامندی ظاہر کی تھی تاہم بعد میں منصوبے اور اس میں شامل افراد پر شدید خدشات کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن بھی منصوبے کے مخالف ہیں۔اور انہوں نے اس بارے میں صدر پاکستان کو آگاہ کردیا تھا۔پاکستان واپسی پر چیئرمین نادرا نے منصوبے کی باریکیوں کے جائزے کا حکم دیا جس میں معلوم ہوا کہ اس میں کئی قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ چیئرمین نادرا نے اس سلسلے میں قانونی فرم سے مشاورت کے بعد انٹرنیشنل identityسروسز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔اس فیصلے کے بعد اب دنیا بھر میں صرف پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ہی پاکستانیوں کو شناختی کارڈ جاری ہونگے۔

متعلقہ عنوان :