Live Updates

حمزہ شہباز شریف سے کوئی مقابلہ نہیں ، دونوں پارٹی ورکرز ہیں، والد کی طرح مجھ میں شرمیلا پن ہے، سیاست جنون مانگتی ہے، یہ جذبہ باقی بہن بھائیوں میں نہیں، سیاست دان سب سے اچھے لوگ ہیں جو گالیاں کھا کر بھی مسکراتے ہیں، والدہ کی صحت اچھی نہیں دو تین آپریشن ہو چکے ہیں اس لئے وہ گھر تک محدود ہو گئی ہیں ،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نوازکاانٹرویو

اتوار 3 فروری 2013 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3فروری۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز شریف سے کوئی مقابلہ نہیں ہم دونوں پارٹی ورکرز ہیں، والد کی طرح مجھ میں بھی شرمیلا پن ہے، سیاست جنون مانگتی ہے یہ جذبہ باقی بہن بھائیوں میں نہیں، سیاست دان سب سے اچھے لوگ ہیں جو گالیاں کھا کر بھی مسکراتے ہیں، والدہ کی صحت اچھی نہیں دو تین آپریشن ہو چکے ہیں اس لئے وہ گھر تک محدود ہو گئی ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ فوج کا کسی بھی صورت سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے اور اگر ہم تاریخی تناظر میں دیکھیں تو بہت بڑی بہتری آئی ہے، پہلے تو اسٹیبلشمنٹ کا موضوع ہی شجر ممنوع تھا، سیاست میں بھی پرو اسٹیبلشمنٹ ہونا مثبت صلاحیت گردانی جاتی لیکن اب صورتحال مختلف ہے اور اسٹیبلشمنٹ کے بعد جرنیلوں کے ٹرائل کی بھی باتیں ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے عہدے کی کوئی تمنا نہیں میں ایک ادنی کارکن رہنا چاہتی ہوں، موروثی سیاست کی حامی ہوتی تو میں نہیں میرے بھائی سیاست میں آتے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں صرف اور صرف عوام کی خدمت کیلئے آئی ہوں میں نے جب سے آنکھ کھولی ہے اقتدار دیکھا ہے تو اب مجھے ان چیزوں کی خواہش نہیں، انشااللہ پارٹی اقتدار میں آئے گی تو میں ایک پارٹی ورکر کے طوررپ کام کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئے، میرا بھی حمزہ شہباز سے کوئی مقابلہ نہیں میں ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں اللہ کرے کہ وہ بہت زیادہ کامیاب ہوں ہم دونوں مسلم لیگ (ن) کے ورکر ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات