یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو (کل) 5فروری کو اقوام متحدہ کے کشمیریوں سے کئے گئے وعدہ کی یاد دہانی کیلئے 50 لاکھ ای میل بھجوائی جائیں گی، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کمیشن بنائے جو اس سلسلے میں بھارت اور پاکستان کی رہنمائی کرے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ مظلوم کی مدد اور ظالم کا ہاتھ روکنے کیلئے وجود میں آیا، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے چاہئیں ، رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں،جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا جماعت اسلامی آزاد و جموں و کشمیر کے زیراہتمام ”یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب

پیر 4 فروری 2013 19:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4فروری۔ 2013ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو (کل) 5فروری کو اقوام متحدہ کے کشمیریوں سے کئے گئے وعدہ کی یاد دہانی کیلئے 50 لاکھ ای میل بھجوائی جائیں گی، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کمیشن بنائے جو اس سلسلے میں بھارت اور پاکستان کی رہنمائی کرے۔

اقوام متحدہ کا ادارہ مظلوم کی مدد اور ظالم کا ہاتھ روکنے کیلئے وجود میں آیا۔ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے چاہئیں ، رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔ وہ پیر کو یہاں جماعت اسلامی آزاد و جموں و کشمیر کے زیراہتمام پیر کو ”یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر آزادی کی تحریکوں کو کچل دینا ناانصافی ہے جوکہ دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواری دنیا بھر میں انتہا پسندی کا نام لے کر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اس طرح دنیا میں کیسے امن قائم کیا جاسکتا ہے بلکہ یہ تو بدامنی کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش لگتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت سے دوستی قبول نہیں، بھارت جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیتا اس کو پسندیدہ ملک کا درجہ نہیں دے سکتے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان مکمل نہیں ہوگا گزشتہ 65 سال کے دوران کبھی مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات نہیں ہوئے۔ سابق ایم این اے محمد اسلم نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا قومی موقف واضح ہے جس کے تحت کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا بھارت سے دوستی نہیں ہوسکتی جبکہ آزادی کی تحریک کشمیری عوام کی اپنی تحریک ہے پاکستان اس کی سیاسی و اخلاقی حمایت کرتا ہے۔

کانفرنس سے جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری عبدالہادی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی لاتعلقی اور بیگانگی سے انڈیا کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے جبکہ جنرل (ر) حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، مسئلہ کشمیر حل کرائے بغیر امریکہ کو افغاسنتان سے واپس نہیں جانے دیں گے۔