کانگریس تحفظات کے باوجود گورنر کے خطبے کو منظوری، کابینہ اجلاس کے بعد 5کانگریسی وزراء کی بند کمرے میں میٹنگ

بدھ 6 فروری 2013 13:36

جموں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 6فروری 2013ء) ریاستی کابینہ نے کل 28فروری کو بجٹ اجلاس کے دوران گورنر کے خطبے کو منظوری دے دی حالانکہ اس معاملے پر کانگریس ارکان کو چند تحفظات تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں منگل کو جو کابینہ میٹنگ منعقد ہوئی اس میں گورنر کے خطبے کو پڑھا گیا۔ اگرچہ خطے کو میٹنگ کے دوران منظوری دی گئی لیکن کانگریس وزراء کو اس وجہ سے تحفظات حاصل تھے کہ ان سے گورنر کے خطبے کا متن تیار کرنے سے قبل مشورہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ایک کانگریس وزیر نے کہا ”اب یہ روایت بن چکی ہے کہ کانگریس وزراء کو اہم فیصلہ جات سے قبل اعتماد میں نہیں لیا جاتاہے اور نہ ہی اْن سے کوئی صلاح مشورہ کیا جاتا ہے، ہم نے ماضی میں بھی کئی معاملات میں اپنے تحفظات پیش کئے ہیں اور اب بھی ایسا ہی کیا“۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کابینہ میٹنگ ختم ہونے کے فوراً بعد کانگریس کے 5وزراء نے نائب وزیر اعلیٰ تاراچند کے دفتر میں بند کمرے کی میٹنگ کی لیکن میٹنگ کے دوران کیا کچھ ہوا اور کس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا یہ معلوم نہیں ہوسکا، البتہ میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر تاج محی الدین نے دعویٰ کیا کہ گورنر کے خطبے پر تحفظات پیش کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اْن کا کہناتھا کہ یہ ایک معمول کی کارروائی تھی کابینہ نے گورنر کے خطبے کے متن کو منظوری دے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے چیمبر میں میٹنگ کے بارے میں انہیں کوئی علمیت نہیں۔

متعلقہ عنوان :