سابق وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر محمد علی شاہ کے انتقال پر سیاسی ، سماجی ، طب اورسپورٹس حلقوں میں سوگ کا سماں

بدھ 6 فروری 2013 14:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 6فروری 2013ء) سابق وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر محمد علی شاہ کے انتقال پر سیاسی ، سماجی ، طب اورسپورٹس حلقوں میں سوگ کا سماں ہے۔ نارتھ ناظم آباد میں محمد علی شاہ کا گھرہمیشہ سے خوشیاں بانٹتا آیا ہے، مہمان نوازی سے لے کر غریب پروری تک اس گھر سے ہمیشہ ہر ایک کو خوشیاں ہی ملیں۔ لیکن آج یہ گھرسوگ میں ڈوب گیا ہے۔

ا س گھر میں رونقیں اور قہقہے بکھیرنے والا شخص سب کو چھوڑ کر ہمیشہ کے سفرپرروانہ ہوگیا۔ ڈاکٹرمحمد علی شاہ کے امریکہ میں انتقال کے بعد کراچی میں ان کے گھر پرغم ہی غم ہے۔ منگل کومرحوم کے گھر پر ان کے دوست احباب کی آمد کا تانتا بندھ گیا۔ جہاں مرحوم کے مداحوں ، کھلاڑیوں اور منتظمین کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔

(جاری ہے)

ہر کوئی ان کی خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتا نظرآیا۔

ڈاکٹرشاہ کے ساتھ بیس سالوں سے ان کے فری کرکٹ کوچنگ کیمپ میں خدمات انجام دینے والے عملے کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہ انتہائی رحم دل انسان تھے جن کی محبت ان کے دل سے ختم نہیں ہوسکے گی۔ منگل کو امریکہ کے شہرہیوسٹن میں ڈاکٹرشاہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ میت جمعرات کی علی الصبح کراچی پہنچے گی۔ نماز جنازہ دوپہرکو اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی جس کے بعد پاپوش نگر کے قبرستان میں والد اور بھائی کے پہلومیں انہیں دفن کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :