شاہ زیب قتل کیس،سپریم کورٹ کے احکامات پر ملزم شاہ رخ جتوئی کادوبارہ طبی معائنہ، میڈیکل بورڈ نے بالغ قراردیدیا ، بورڈہفتہ کو دوبارہ بیٹھے گا، تفتیشی افسر شاہ رخ کی دستاویزات بورڈ پیش کرینگے،پھر حتمی رپورٹ جاری کردی جائیگی، ملزم کو معائنہ کے بعد سخت سیکورٹی میں دوبارہ جیل منتقل

بدھ 6 فروری 2013 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6فروری۔ 2013ء) سپریم کورٹ کے احکامات پر شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کادوبارہ طبی معائنہ،میڈیکل بورڈ نے بالغ قراردے دیا ، ہفتہ کو میڈیکل بورڈ دوبارہ بیٹھے گا اور تفتیشی افسر ملزم شاہ رخ کی دستاویزات بورڈ کے سامنے پیش کریں گے جس کے بعد حتمی رپورٹ جاری کردی جائیگی، ادھرملزم کو طبی معائنے کے بعد سخت سیکورٹی میں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ۔

بدھ کونجی ٹی وی کے مطابق بدھ کو شاہ زیب قتل کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو عمر کے تعین کے لئے سندھ سروسز ہسپتال میں میڈکل بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا ۔شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے لئے کئے جانے والے معائنہ کی رپورٹ کے مطابق ان کی چاروں عقل داڑھیں بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کے مطابق شاہ رخ جتوئی کے 32دانت پورے ہیں اور طبی حوالے سے 18سے 21برس کی عمر کے درمیان کسی شخص کے 32دانت پورے ہوتے ہیں ۔

شاہ رخ جتوئی کے میڈیکل ٹیسٹ کیلئے تین روز قبل نیا 6رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا، اس سے قبل سول ہسپتال کے پولیس سرجن نے شاہ رخ کے ہڈیوں اور مختلف اعضا کے معائنے کے بعد کہا تھا کہ ان کی عمر 17سال ایک ماہ ہے۔سپریم کورٹ نے اس رپورٹ کو نامکمل قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور شاہ رخ جتوئی کا دوبارہ میڈیکل کروانے کا حکم دیا تھا۔ ہفتے کی صبح ساڑھے 10بجے میڈیکل بورڈ دوبارہ بیٹھے گا اور تفتیشی افسر ملزم شاہ رخ کی دستاویزات بورڈ کے سامنے پیش کریں گے جس کے بعد حتمی رپورٹ جاری کردی جائیگی، ملزم شاہ رخ جتوئی کو طبی معائنے کے بعد سخت سیکیورٹی میں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ جتوئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا موکل 18برس کا نہیں اس لئے کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے بجائے بچوں کی عدالت میں کی جائے، جس پر عدالت نے ملزم کی عمر کے تعین کے لئے طبی معائنہ کرایا تھا جس میں شاہ رخ جتوئی کو 18سال سے عمر عمر ظاہر کیا گیا تھا۔