سہ روزہ پولیو مہم کے دوران کل ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہ نواز بابر کا انسداد پولیو کمیٹی سے خطاب

جمعرات 7 فروری 2013 20:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7فروری۔ 2013ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہ نواز بابر نے کہا ہے کہ 18 سے 21 فروری تک سہ روزہ پولیو مہم کے دوران کل ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے جسے ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا‘ وہ جمعرات کوسابقہ ضلع ناظم سیکریٹریٹ حیدرآباد میں 18 فروری سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے‘انہوں نے کہا کہ سہ روزہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی یو سی میں پولیو ٹیم کے نا پہنچنے یا دیگر اسباب کی وجہ سے کوئی بچہ قطرے پلانے سے رہ گیا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ علاقے کے ایریا انچارج اور میڈیکل آفیسر پر ہو گی‘ اس مہم میں کام کرنے والے افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مہم کے دوران تمام متعلقہ افسران سے قریبی رابطے میں رہیں تاکہ کہیں بھی کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو کیونکہ اب کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں رہی ہے‘ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے قومی جذبے کے تحت کام کریں اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو سوشل موبلائیزیشن کے ذریعے آمادہ کریں تاکہ پولیو کا معاشرے سے خاتمہ یقینی ہو سکے‘ ڈپٹی کمشنر نے ریونیو ، صحت اور محکمہ پولیس کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لیے انفرادی طور پر اقدامات کرتے ہوئے ایک دوسرے سے تعاون کریں، اس موقع پر اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوکل پرسن پولیو ڈاکٹر اشرف میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ پولیو مہم کے دوران زیادہ سختی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کوئی بھی کوتاہی نہیں ہو گی‘ انہوں نے بتایا کہ سہ روزہ مہم کے دوران مقررہ ہدف کو پورا کرنے کے لیے 417 گشتی ٹیمیں ، 48 مقررہ ٹیمیں اور 40 شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مقرر کی گئیں ہیں اور مہم کی نگرانی کے لیے تعلقہ اور یو سی سطح پر زونل انچارج ، یو سی میڈیکل آفیسراور ایریا انچارج بھی مقرر کیے گئے ہیں تاکہ پولیو ورکرز کی کارکردگی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ بچوں کو قطرے پلانے کو یقینی بناکر مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کیے جاسکیں، اجلاس میں عملے اور گاڑیوں کی کمی سمیت پولیو ورکرز کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا ‘ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ، اے ڈی سی ٹو عابد سلیم قریشی ،ڈی ایچ او حیدرآباد بخش علی پتافی کے علاوہ ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمایندوں سمیت دیگر سرکاری افسران نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :