مضبوط اور موثر پارلیمنٹ ہی قابل اور جوابدہ طرز حکومت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ، جمہوریت کو قومی اور بین الاقومی سطح پر پروان چڑھانے میں پارلیمنٹ کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، آمریت نے ملک کے سیاسی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچایا ہے ، اراکین پارلیمنٹ کو گلیاں اور سٹرکیں پکی کرانے کے منصوبوں کے پیچھے لگا دیا گیا، قانون سازی کا کام موثر طریقے سے نہ کیا جا سکا،چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کا پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمانی خدمات کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 فروری 2013 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7فروری۔ 2013ء) چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور موثر پارلیمنٹ ہی قابل اور جوابدہ طرز حکومت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور یہ کہ جمہوریت کو قومی اور بین الاقومی سطح پر پروان چڑھانے میں پارلیمنٹ کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، آمریت نے ملک کے سیاسی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچایا ہے اور اراکین پارلیمنٹ کو گلیاں اور سٹرکیں پکی کرانے کے منصوبوں کے پیچھے لگا دیا گیاجبکہ قانون سازی کا کام موثر طریقے سے نہ کیا جا سکا۔

وہ جمعرات کو پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمانی خدمات کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ سید نئیر بخاری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پارلیمنٹ کا بنیادی کام قانون سازی ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کی ٹریننگ ، تحقیق پر مبنی لٹریچر اور قانون سازی کے حوالے سے دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اراکین پارلیمنٹ معیاری قانون سازی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں اورملک میں جمہوریت کو استحکام ملے۔

(جاری ہے)

نئیر بخاری نے کہا کہPIPSایک بہترین ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی کاوشوں کی بدولت ہی PIPSکا قیام ممکن ہو ا ۔جبکہ قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں نے بھی اس ادارے کو فعال بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے ۔اس موقع پر بورڈ آف گورنرز کے دیگر ممبران نے بھی اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور کہا کہ جمہوری طرز حکومت کی ضرورت اور بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر یہ بات اہمیت اختیار کر گئی ہے کہ ہم اپنے جمہوری اداروں کو بین الاقوامی معیار پر استوار کریں اور اپنے کام کے طریقہ کار کو اس میں ڈھال لیں ۔

اس موقع پر PIPSکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خان احمد گورایا نے ادارے کے 2013-14کے بجٹ تخمینے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ 107.722ملین روپے 2013-14کے بجٹ میں رکھے جائیں گے جبکہ مالی سال 2012-13میں بھی اتنی ہی رقم رکھی گئی تھی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی /نائب صدر بی او جی PIPSفیصل کریم کنڈی کے علاوہ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان ، سپیکر بلوچستان اسمبلی مطیع اللہ آغا اور سینیٹرز مشاہد حسین سید ، ڈاکٹر سعیدہ اقبال ، اراکین قومی اسمبلی آفتاب شعبان میرانی اور چوہدری محمد برجیس طاہر نے شرکت کی ۔سیکریٹری سینیٹ افتخار اللہ بابر اور سیکریٹر ی قومی اسمبلی کرامت حسین نیازی بی اس موقع پر موجود تھے۔