کراچی میں سپریم کورٹ کی طرف سے امن و امان کیس کی سماعت اور پولیس کو اضافی نفری ملنے کے باوجود قتل وغارت کا سلسلہ نہ رک سکا ، فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں 2پولیس اہلکاروں،سگیبھائیوں ،ڈاکٹر اوراخبار فروش سمیت 18افرادجاں بحق ، رواں ماہ کے دوران 45سے زائد افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا،صدر زرداری کا امن وامان کی خراب صورتحال پر اظہار تشویش ، صوبائی حکومت فوری اقدامات کی ہدایت ،مفتی محمد عبدالمجید دین پوری سمیت دیگر علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ اور بڑھتی ہوئی بد امنی کے خلاف جامعہ علوم اسلامیہ کے علمائے کرام کی کال پرشہر میں (کل ) ہڑتال ہو گی ،ٹرانسپوٹرز کا گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے کا اعلان

جمعرات 7 فروری 2013 23:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7فروری۔ 2013ء) کراچی میں سپریم کورٹ کی طرف سے امن و امان کیس کی سماعت اور پولیس کی اضافی نفری ملنے کے باوجود قتل وغارت کا سلسلہ نہ رک سکا ، فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں جمعرات کو 2پولیس اہلکاروں،سگے بھائیوں ،ڈاکٹر اوراخبار فروش سمیت 18افرادجاں بحق ہوگئے ،مفتی محمد عبدالمجید دین پوری سمیت دیگر علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ اور بڑھتی ہوئی بد امنی کے خلاف جامعہ علوم اسلامیہ کے علمائے کرام کی کال پرشہر میں (کل ) جمعہ کو ہڑتال کی جائے گی ،ٹرانسپوٹرز کا گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے کا اعلان ، شہر میں تشدد کے واقعات میں رواں ماہ کے دوران 45سے زائد افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا،صدر آصف علی زرداری نے شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کوامن وامان کے قیام کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کیمطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں ملزمان نیایک کلینک میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر مرزا عابد جاں بحق ہوگئے، ہاکس بے روڈ کے ہوٹل پر فائرنگ کے واقعے میں 2سگے بھائیوں کو قتل کردیا گیا، نیپئر روڈ پرانا حاجی کیمپ میں ایک نوجوان نامعلوم ملزمان کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔بلدیہ ٹان نمبر 7میں قبرستان کے قریب فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوا، اتحاد ٹان سے بھی ایک پولیس اہلکار کی لاش ملی جبکھ گارڈن کے علاقے میں چڑیا گھر کے گیٹ کے سامنے رکشے سے 2افراد کی بوری بند لاشیں ملی جن کی شناخت نہیں ہوسکی، مقتولین کو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سروں پر گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارا۔

گلبہار میں اخبار فروش محمد وسیم صدیقی اور رضویہ سوسائٹی میں محمد امجد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کی نیند سلا دیا، نیو کراچی ایوب گوٹھ میں محمد رضوان کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر پھندا لگا کر قتل کردیا، نارتھ کراچی سیکٹر تھری میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مرزا فرحان بیگ کی جان لے لی، سولجر بازار البیلہ چوک کے سگنل پر شپنگ کارپورشن کے ملازم 30سال کے محمد ذیشان کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے موت کی نیند سلا دیا، ملیر سعود آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق فروری کے ماہ میں اب تک 45سے زائد افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا ہے۔کراچی میں علمائے کرام طلبہ اور شہریوں کے قتل عام کے خلاف علما اور مشائخ کے فیصلے کے مطابق (کل )8فروری کوہڑتال ہوگی۔ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی گاڑیاں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے ۔گزشتہ روز جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن میں علمائے کرام کے اجلاس کے بعد جامعہ بنوری ٹاؤن کے رئیس ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر اور قاری محمد عثمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں اور علمائے کرام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمعے کے روز عوام رضا کارانہ طور پر اپنا کاروبار بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔ دینی مدارس کے علما ، طلبا اور شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہڑتال کے بعد مرحلہ وار تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کوامن وامان کے قیام کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شہر مین امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔