یورپی یونین پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان میں انسداد پولیو ورکرز پر حملے کی شدید مذمت ، پاکستان پولیو مہم کے تمام ورکرز کو تحفظ فراہم کرے اور خطے میں پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھے، یورپی یونین کی پارلیمنٹ کا حکومت پاکستان سے مطالبہ

جمعہ 8 فروری 2013 14:07

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 8فروری 2013ء) یورپی یونین پارلیمنٹ نے پاکستان کے 2مختلف شہروں میں انسداد پولیو ورکرز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے انسداد پولیو مہم ورکرز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پولیو مہم کے تمام ورکرز کو تحفظ فراہم کرے اور خطے میں پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھے۔

(جاری ہے)

یورپی یونین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئر مین سجاد کریم نے بھی دیگر ممبران کے ہمراہ مذمتی قرارداد کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بہت چیلنجز کا سامنا کیا ہے،پہلے ملک میں سیلاب نے تباہ کاریاں مچائیں اور حال ہی میں دہشت گردی پاکستان کا اہم مسئلہ ہے تاہم حکومت اپنے تمام شہریوں کو پولیو سے بچانے کیلیے بھر پور کوششیں کر رہی ہیں۔کریم سجاد کا کہناتھا کہ ہمیں یقین ہے کہ حکومت پاکستان فوری طور پر انسداد پولیو مہم کے ورکرز کو سیکورٹی فراہم کرے گی، ان کا کہناتھا کہ پولیو جیسی خطرناک بیماری سے جلد ہی پاکستان نجات پالے گا۔