حیوانات کی افزائش کی بدولت خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے میں محکمہ اپنا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،حیوانات کو بیماریوں سے محفوظ بنا کر ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے ،صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن لیاقت شباب کا نوشہرہ میں وٹرنری ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 8 فروری 2013 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8فروری۔ 2013ء)خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی لیاقت شباب نے کہا ہے کہ حیوانات کی افزائش اور ان کی بہتر دیکھ بال کی بدولت خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے میں نہ صرف محکمہ اپنا اہم کردار ادا کرسکتا ہے بلکہ حیوانات کو بیماریوں سے محفوظ بنا کر ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے جس سے صوبے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وٹرنری ہسپتال نوشہرہ میں آفس بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر موجود لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔یاد رہے کہ بلاک کی تعمیر کا تخمینہ لاگت4 ملین روپے ہے جسے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن نوشہرہ مکمل کریگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسیئن ساجد خان، ایس ڈی او اقبال شاہ کے علاوہ ڈسٹرکٹ ڈائرئکٹر وٹرنری ہسپتال نوشہرہ فضل مالک ،عمائدین علاقہ اور پی پی پی ڈسٹرکٹ نوشہرہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاک کی تعمیر سے افسران اور متعلقہ عملہ کو دفتری سہولیات بہتر انداز میں میسر آئینگی اور وہ مزید بہتر طور پر اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کا منشور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ کسی بھی حالات میں عوام کی خوشحالی اور ترقی کو مقدم کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا عملہ اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکتا ہے لہذا انہیں چاہئے کہ وہ اپنے سرکاری فرائض مکمل ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے تختی کی نقاب کشائی کرکے آفس بلاک کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا جبکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے ان کو بلاک کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ بلاک میں افسران اور عملہ کیلئے کمروں کی تعمیر کے علاوہ دیگر بنیادی ضروریات بھی بدرجہ اتم فراہم کی جائینگی۔