انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر خان بخش مروت کا انسداد پولیو اجلاس سے خطاب

جمعہ 8 فروری 2013 22:40

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8فروری۔ 2013ء) ڈپٹی کمشنر خان بخش مروت نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلع کمیٹی برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں 18 تاریخ سے شروع ہونے والی مہم کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک دمساز خان مروت ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عاشق سلیم، ریجنل انفارمیشن آفیسر قاضی صبغت الله،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ّآفیسر فیروز شاہ، ای پی آئی کے انچاج ڈاکٹر عارف محمود، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے کے علاوہ محکمہ پولیس، میونسپل آفیسرز ڈیرہ، پہاڑپور، کلاچی ، پروآ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ رواں انسداد پولیو مہم کے لئے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ، انہوں نے کہا کہ اس بار پورے ضلع کو ایک فیز میں منتقل کر دیا گیا ہے ، اس موقع پر محکمہ پولیس کو رواں ماہ شروع ہونے والی پولیو مہم کا مائیکرو پلان بھی فراہم کر دیا گیا ہے، اجلاس میں گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پائے جانے والے نقائص پر بھی غورو خوض کیا گیا اور انکے تدارک کیلئے بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اور اسکا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے تقویض کردہ ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں گی تاکہ ہمارے آنے والی نسلیں کسی بھی احساس محرومی کا شکار نہ ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ انسداو پولیومہم کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنا معاشرے کے تمام افراد کی ذمہ داری ہے ، اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں پولیو مہم کے دوران 2لاکھ80ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :