ینگ ڈاکٹرز کااتوار کو میٹرو بس کے افتتاح کے موقعہ پر روٹ پر جمع ہونے کا اعلان،ینگ ڈاکٹرز نے نماز جمعہ جیل روڈ پرادا کی ،سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ملک بھر سے ڈاکٹرزساتھیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ میں پہنچے،حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات ،ٹیسٹوں کی سہولت اور خراب مشینری کی مرمت کیلئے فنڈز جاری کر دے احتجاج ختم کر دینگے ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں ملک جاوید آہیر ، ناصر عباس کاظمی ،ڈاکٹر عامر بندیشہ کی بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس

جمعہ 8 فروری 2013 00:05

لاہور/ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8فروری۔ 2013ء) ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل پانچویں روز بھوک ہڑتال کیمپ جاری رکھا ، مسلسل بھوک سے نڈھال ہونیوالے ڈاکٹروں کو سروسز ہسپتال کی ایمر جنسی میں طبی امداد دی جارہی ہے ، ینگ ڈاکٹرز غوث اعظم روڈ پر نماز جمعہ ادا کی جس سے ٹریفک کا نظام معطل رہا ،جمعہ کے روز بھی سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ملک بھر سے ڈاکٹرزساتھیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ میں پہنچے ۔

تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل پانچویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی ، مسلسل بھوک کی وجہ سے نڈھال ہونیوالے ڈاکٹروں کوسروسز ہسپتال کی ایمر جنسی میں جبکہ کئی ایک کو کیمپ میں ہی طبی امداد دی جارہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے نماز جمعہ غوث اعظم روڈ پر ہی ادا کی جسکی وجہ سے جیل روڈ پر ٹریفک کا نظام معطل رہا ۔

(جاری ہے)

ملتان میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کے حق میں تیسرے روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا ۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا سمیت مختلف جماعتوں کے نمائندوں اور ملک بھر سے ڈاکٹرز ساتھیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچے اور انکی آمد پر زبردست تالیاں بجا کر استقبال کیا گیا ۔ قبل ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مطالبات پیش کرنے کیلئے 10 فروری کو میٹرو بس منصوبے کے روٹ پر جمع ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت اور خراب مشینری کی مرمت کیلئے فنڈز جاری کر دے احتجاج ختم کر دیں گے۔

ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں ملک جاوید آہیر ، ناصر عباس کاظمی ،ڈاکٹر عامر بندیشہ نے دیگر کے ہمراہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پاس وقت نہیں ہوتا اور آج کل وہ ویسے بھی میٹرو بس منصوبے کیلئے انتہائی مصروف ہیں اس لئے ہم اپنی گزارشات پیش کرنے کے لئے 10فروری کو میٹرو بس منصوبے کے روٹ پر جمع ہوں گے اور پنجاب بھر سے ینگ ڈاکٹرلاہور پہنچیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملاقات کی ہر ممکن کوشش کریں گے چاہے اس کے لئے چاہے ہمیں ایمبولینسز ، سٹریچر یا پیدل بھی جانا پڑے تو جائیں گے ،ہمارا مقصد ہنگامہ آرائی نہیں صرف ملاقات کر کے مطالبات پیش کرنا ہے اورمسائل کے حل کے لئے جس فورم پر بھی جانا پڑا جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز ملاقات کے لئے آنیوالے پرنسپل صاحبان نے دوبارہ کوئی رابطہ نہیں کیا ، ہم نے انہیں اپنے واضح موقف سے آگاہ کر دیا تھا۔

اگر حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے مفت ادویات، ٹیسٹوں اور خراب مشینری کی مرمت کے لئے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کر دے تو ہم آج ہی ہڑتال ختم کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ اور جہاں تک سروس سٹرکچر پر عملدرآمد کا سوال ہے تو اس کے لئے ہم کوئی طریقہ اختیا رکریں گے اس وقت ہمار ا مقصد صرف غریبوں مریضوں کی سہولیات کے مطالبات ماننے کی یقین دہانی لینا ہے ۔