پنجاب حکومت نے پر امن مظاہرین ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کر کے سکھاشاہی حکومت کی یادیں تازہ کردی،جنگلہ بس سروس پر قوم کے اربوں روپے لٹائے جارہے ہیں، ڈاکٹرز کے حقوق اور مریضوں کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کے پاس پیسے نہیں ، آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق کابیان

پیر 11 فروری 2013 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 11فروری 2013ء) آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے پنجاب پو لیس کی طرف سے ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پر امن مظاہرین ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کر کے سکھاشاہی حکومت کی یادیں تازہ کردی۔جنگلہ بس سروس پر قوم کے اربوں روپے لٹائے جارہے ہیں جبکہ ڈاکٹرز کے حقوق اور مریضوں کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کے پاس پیسے نہیں۔

پیر کو مرکزی انفارمیشن سیکریڑیٹ سے جاری بیان میں آسیہ اسحاق نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سینکڑوں شہری موت کے منہ میں چلے گئے ہیں اور آج مسیحا بھی اپنے مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال کی وجہ سے موت کے قریب کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

قوم کے مسیحااپنے حقوق کے لئے آج سڑکوں پر بیٹھے ہیں۔ڈاکٹروں کے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہونے کے باوجود نام نہاد خاد م اعلیٰ کی طرف سے مذاکرات کی بجائے ان پر تشدد قابل افسوس ہے ‘ آئندہ عام انتخابات میں عوام صرف اپنے محلات کی طرف جانے والے راستوں پر اربوں خرچ کرنے کا حساب لیں گے ۔

آسیہ اسحاق نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ کی ساری توجہ پرصرف سڑکوں اورپلوں کی تعمیر پر ہے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ سارے شاہراہیں اورپل اپنے محلات کی طرف جانے والے راستوں پر بنائے گئے ہیں۔ آج صوبے میں صحت کی سہولیات کا یہ عالم ہے کہ غریب عوام کومفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر نہیں اور محکمے کاکوئی وزیر نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں شہری موت کے منہ میں چلے گئے ہیں ۔اے پی ایم ایل ڈاکٹروں کے مطالبات کی بھرپور حمایت اور اظہاریکجہتی کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد خاد م اعلیٰ کو شہزادوں کا طرز حکمرانی اپنانے کا حساب آئندہ عام انتخابات میں دینا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :