Live Updates

میٹرو بس سسٹم عوامی اثاثہ ہے، عوام سفر کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، چونگی امرسدھو پر پیڈسٹرین برج بنانے کی ہدایت،برج کے ساتھ موٹرسائیکل سواروں کیلئے علیحدہ ٹریک بھی تعمیر کیا جائے ، میٹرو بس کا منصوبہ خالصتاً عام آدمی کیلئے ہے ،سفری سہولیات کے شعبہ میں امیر اور غریب میں طبقاتی تفریق ختم ہوگئی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کامیٹرو بس سسٹم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 11 فروری 2013 23:34

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11فروری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس سسٹم کا کامیاب اجرأ نئے سفر کا خوبصورت آغاز ہے۔ میٹرو بس منصوبہ عوام کیلئے ایک اثاثہ ہے۔ میٹرو بسیں عوام کی سہولت کیلئے چلائی گئی ہیں۔ عوام کا فرض ہے کہ وہ سفر کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں کیونکہ میٹرو بس سسٹم عوام کا اپنا منصوبہ ہے اور اس کی دیکھ بھال ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

وہ پیرکو ماڈل ٹاؤن میں میٹرو بس سسٹم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ معاون خصوصی زعیم حسین قادری، سیکرٹری داخلہ، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شاندار انتظامات کرنے پر لاہور کی انتظامیہ اور پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب حکومت عوام کو ایک تاریخی تحفہ دینے میں کامیاب ہوئی ہے اور یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

عوام نے پہلے ہی دن میٹرو بس سسٹم پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ عوامی منصوبوں کی کامیابی کے اصل جج عوام ہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میٹرو بس سسٹم کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور عوام کی رہنمائی و آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس اتھارٹی اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں بطریق احسن ادا کرے۔

بس آپریشن کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ارکان اسمبلی مسافروں کی رہنمائی کیلئے بس سٹیشنز پر موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چونگی امرسدھو پر پیڈسٹرین برج بنانے کیلئے فوری طو رپر اقدامات کئے جائیں اور پیڈسٹرین برج کے ساتھ موٹرسائیکل سواروں کیلئے علیحدہ ٹریک بھی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میٹرو بس آپریشن سے متعلقہ امور نمٹانے کے حوالے سے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے میٹرو بس سسٹم کے کامیاب اجرأ پر پوری قوم کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے اور میں پاکستان کے اپنی نوعیت کے پہلے منفرد ، کثیرالمقاصد اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میٹرو بس کا منصوبہ خالصتاً عام آدمی کیلئے بنایا گیا ہے جس سے سفری سہولیات کے شعبہ میں امیر اور غریب کے درمیان طبقاتی تفریق ختم ہوگی۔

میٹرو بس چلنے سے اب عام شہریوں کو بھی ٹرانسپورٹ کی بین الاقوامی معیار کی سہولتیں میسر آئی ہیں اور وہ بروقت منزل مقصود پر پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس بات پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ہمارا ملک بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم والے ممالک کے کلب کا رکن بن گیا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ یہ اعزاز بھی پنجاب حکومت کے حصے میں آیا ہے کہ اس نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے بعد ٹرانسپورٹ کے میدان میں بھی عوام دوست میٹرو بس سسٹم متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہری میٹرو بس پر سفر کرتے ہوئے اس بین الاقوامی معیار کی سروس کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایک مہذب قوم کی طرح نظم و ضبط برقرار رکھیں گے۔ میٹرو بس سسٹم عوام کا اپنا منصوبہ ہے، اس کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ عوام نے میٹرو بس سسٹم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا تو میٹرو بس جیسے منصوبے اب دیگر بڑے شہر وں میں بھی شروع کریں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات