ایبٹ آباد آپریشن میں اسامہ بن لادن کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والی امریکی کمانڈو کو فوج نے پنشن اور طبی سہولیات سے محروم کردیا

پیر 11 فروری 2013 23:39

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11فروری۔ 2013ء) ایبٹ آباد آپریشن میں مارے جانے والے القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والی امریکی کمانڈو کو فوج نے پنشن اور طبی سہولیات سے محروم کردیا۔پیر کو امریکی جریدے پولیٹیکونے ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا ہے ۔رپورٹ میں اس فوجی کا نام تو نہیں بتایا گیا تاہم کہا گیا ہے کہ نیوی سیلز ٹیم میں شامل وہ شوٹر جس نے اسامہ بن لادن پر فائرنگ کی، کو ریٹائرمنٹ کے بعد فوج نے بھلا دیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کمانڈو نے لازمی 20سالہ فوجی سروس سے 3سال پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس کے بعد اس کی پنشن اور طبی سہولیات ختم کردی گئیں۔اس فوجی کے بقول مجھے کہا جارہا ہے کہ تم سروس میں نہیں رہے اور 16سال تک فوج کی خدمت کا شکریہ اب اپنی مدد آپ کرو۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن پر فائرنگ کرنے والے اس فوجی کو ریٹائرمنٹ کے بعد سے پنشن، طبی سہولیات یا خاندانی تحفظ کچھ بھی نہیں ملا۔اس کمانڈو کے مطابق اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد میں حملہ 15سے 20منٹ تک جاری رہا اور جب ہمارا سامنا اسامہ سے ہوا تو وہ ہماری توقع سے زیادہ لمبا تھا۔اس کے بقول میری نظر میں وہ ایک ہدف تھا یہی وجہ ہے کہ میں نے اس پر فائرنگ کی۔