خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی زندگی اجیرن بنا دی، کاروبار زندگی معطل، ہسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا

منگل 12 فروری 2013 14:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 12فروری 2013ء ) پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی زندگی اجیرن بنا دی، کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا جبکہ ہسپتالوں میں بجلی کی طویل بندش اور جنریٹر نہ چلانے کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔خیبر پختونخوا کے اکثریتی علاقوں میں بجلی صبح ہوتے ہی غائب ہوجاتی ہے۔

پشاور کے شہری علاقوں میں روزانہ 14گھنٹے جبکہ خیبر پختونخوا کے دیہی علاقوں میں18گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،ٹیوب ویل بند ہونے سے شہریوں کو پانی کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں۔مساجد میں پانی ناپید ہونے کے باعث نمازیوں کو بھی پریشانی کا سامنا رہتا ہے دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کی کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔

صارفین نے حکومت کے اس اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف کمر توڑ مہنگائی اور امن وامان کی ابتر صورتحال نے انہیں غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا ہے تو دوسری جانب بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ اور گیس کے کم پریشر نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔