لاہور ہائیکورٹ کا فارما سسٹس کو مستقل نہ کرنے پر سیکرٹری صحت کو دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس،12مارچ کو جواب طلب

جمعرات 14 فروری 2013 16:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 14فروری 2013ء ) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود30 سے زائد فارماسسٹس کو مستقل نہ کرنے پر سیکرٹری صحت پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے12مارچ کو جواب طلب کر لیا۔جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل پرویز عنائت ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے30 سے زائد فارماسسٹس کو مستقل کرنے کے احکامات صادر کئے۔

محکمہ صحت نے سنگل بنچ کے اس فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جو مسترد کر دی گئی۔مگر اس کے باوجود عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا لہذا عدالت توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود تیس سے زائد فارماسسٹس کو مستقل نہ کرنے پر سیکرٹری صحت پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 12مارچ کوجواب طلب کر لیا ہے۔