اشرف سوہنا پیپلزلیبر بیورو پنجاب کے صوبائی صدر اور صمصام علی بخاری پیپلزپارٹی پنجاب کے صوبائی نائب صد ر نامزد

جمعہ 15 فروری 2013 17:01

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 15فروری 2013ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صوبائی وزیر محمد اشرف خاں سوہنا کو پیپلزلیبر بیورو پنجاب کا صوبائی صدر اور وزیر مملکت برائے اطلاعات سید صمصام علی بخاری کو پیپلزپارٹی پنجاب کا صوبائی نائب صد ر نامزد کر دیا ۔ دونوں نامزدگیوں کا نوٹیفکیشن پارٹی کے چیئر مین کی ہدایت پر صوبائی صدر وفاقی وزیر میاں منظور احمد وٹو نے جاری کر دیا ہے۔

پیپلزلیبر بیورو پنجاب کے نئے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر محنت محمد اشرف خاں سوہنا سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد مزدوروں اور لیبر کلاس طبقے کی خوشحالی کیلئے رکھی تھی ۔

(جاری ہے)

اسی راستے پر جدو جہد کر تے ہوئے میری والدہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

گزشتہ پانچ سالوں میں میرے والد نے اسی ایجنڈے کے تحت جمہوریت کو مستحکم کیا۔ کیونکہ جمہوریت ہی وہ طرز حکومت ہے جسمیں مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوتے ہیں۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ اس سلسلہ میں نہ کوئی ابہام ہے اورنہ رکاوٹ ۔ جلد ہی آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے نگران حکومت کا سیٹ اپ سامنے آجائے گا۔ جو ملکی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات کر وا ئے گا۔

جس سے جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اشرف سوہنا نے بطور صوبائی وزیر محنت مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے جو کام کئے وہ ذوالفقار علی بھٹو ، محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے وژن کے عین مطابق تھے ۔ اسی لئے اشرف سوہنا کو پارٹی کیلئے ریڑھ کی ہڈی رکھنے والے شعبہ لیبر بیورو کا صوبائی صدربنایا گیا ہے ۔ تاکہ وہ مزدوروں کی خوشحالی کیلئے مزید اقدامات کر سکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا آئندہ انتخابی منشور بھی مزدوروں کی خوشحالی ہی ہو گا۔ اسی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتیں بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :