Live Updates

شعبہ صحت کے لئے ریکارڈ بجٹ مختص کیا ،علاج معالجے کی بہتر ین سہولیات پر معاشرے کے ہرفرد کا پورا حق ہے، عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے ہسپتال بنائے ہیں،کئی اضلاع میں ہسپتالوں کو اپ گریڈکیا ہے،،بہاولپور میں 410بیڈز اور شاہدرہ میں 300بیڈز کے ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں،دونوں ہسپتالوں کو جلد فنکشنل کر دیا جائے گا،راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سرجری شروع کر دی گئی ہے،مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پی آئی سی کا ماڈل اپنایا جائے،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھاکی اپ گریڈیشن کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے ،وزیر اعلی ٰپنجاب شہبازشریف کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 16 فروری 2013 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) وزیر اعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے-صوبے کے عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں- ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے-عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے ہسپتال بنائے گئے ہیں جبکہ کئی اضلاع میں ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتربنایاگیاہے-پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے جس کے لئے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

بہاولپور میں 410بیڈز اور شاہدرہ میں 300بیڈز کے ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں-بہاولپور اور شاہدرہ کے ہسپتالوں کو جلد فنکشنل کر دیا جائے گا-وہ ہفتہ کو ماڈل ٹاؤن میں شعبہ صحت کے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے-معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ارکان اسمبلی حنیف عباسی، محمد ریاض ملک، رانا محمد اقبال،عبدالرزاق ڈھلوں ،چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹریز صحت و اطلاعات، چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کی طرح صحت کی بہتر ین سہولیات پر معاشرے کے ہرفرد کا پورا حق ہے، پنجاب حکومت یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بہاولپور میں 410بیڈز کے ہسپتال کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولیات میسر آئیں گی-انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بہاولپور کے ہسپتال کا باقی ماندہ کام اور آلات ومشینری کی خریداری کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے-انہوں نے کہاکہ شاہدرہ میں 300بیڈز کا ہسپتال علاقے کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس ہسپتال کے مکمل ہونے سے ہزاروں افراد کو ان کے علاقے میں علاج معالجے کی جدید اور بہترین سہولیات میسر آئیں گی-شاہدرہ میں تعمیر ہونے والا ہسپتال مارچ میں کام شروع کر دے گا-وزیراعلی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سرگودھا کی اپ گریڈیشن کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور اپ گریڈیشن کے کام میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے-انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا میں زیر التواء کام فوری طور پر مکمل کئے جائیں-وزیراعلی نے کہاکہ پونے تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید ترین راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید تشخیصی مشینری نصب کی گئی ہے اور اوپن ہارٹ سرجری، انجیوگرافی، امراض قلب کے علاج کے لئے عالمی معیار کی سہولتیں، ماہر ڈاکٹرز اور قابل تربیت یافتہ طبی عملہ مہیا کیا گیا ہے۔

سٹیٹ آف دی آرٹ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کارڈیک سرجری شروع کر دی گئی ہے- راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے راولپنڈی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں کے امراض قلب میں مبتلا افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کی صحت اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دی جائے اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو پاکستان کے بہترین ہسپتالوں میں سے ایک ہونا چاہئیے۔

وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریب اورمستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ماڈل اپنایا جائے-وزیراعلی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بورڈ آف مینجمنٹ فوری طور پر تشکیل دینے کی ہدایت کی-اجلاس کے دوران سیکرٹری صحت نے شعبہ صحت کے جاری مختلف پروگرامز پر پیش رفت سے آگاہ کیااور بتایا کہ نئے تعمیر ہونے والے ہسپتالوں کے لئے جدید مشینری کی شفاف خریداری کا عمل جاری ہے اور قابل افراد کی میرٹ پر بھرتی یقینی بنائی گئی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :