کوئٹہ سمیت 30 اضلاع میں سینئر کی جگہ کام کرنے والے جونیئر آفیسران کو جلد ہٹادیا جائے گا ، عطائی ڈاکٹروں ، غیر قانونی لیبارٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا ، کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں مسائل کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ آگئی ہے جلد ان کی شفارشات پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا ،سیکرٹری صحت بلوچستان نصیب اللہ خان بازئی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 فروری 2013 22:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) سیکرٹری صحت بلوچستان نصیب اللہ خان بازئی نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں کوئٹہ سمیت 30 اضلاع میں سینئر کی جگہ کام کرنے والے جونیئر آفیسران کوجلد ہٹادیا جائے گا ، عطائی ڈاکٹروں ، غیر قانونی لیبارٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا ، کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں مسائل کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ آگئی ہے جلد ہی ان کی شفارشات پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا ۔

وہ ہفتہ کویہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے 30 اضلاع میں ای ڈی او ہیلتھ کی پوسٹوں پر سینئر کی بجائے جونیئر آفیسران کام کررہے ہیں محکمہ ہیلتھ نے اس کا نوٹس لیا ہے بہت جلد ان پوسٹوں پر سینئرڈاکٹروں کی تقرری عمل میں لائی جائے گی اس کے علاوہ محکمہ کے مختلف پروجیکٹوں میں بھی سینئر کی جگہ جونیئر آفیسران کام کررہے ہیں جنہیں جلد ہٹادیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ غیر قانونی لیبارٹریوں ، عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے ہر ضلعے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈپٹی کمشنر ، ایس پی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو 2 ماہ میں محکمہ صحت کو رپورٹ کرے گی جس کے بعد مکمل ایکشن لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں کے مسائل کے حوالے سے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ان کی سفارشات آگئی ہیں جس کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں میں مرمت ، ادویات کی فراہمی اور دوسرے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بہت جلد کام شروع کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ریفام کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ماضی میں ہیلتھ ریفام پر کوئی کام نہیں ہوا تھا اس سلسلے میں کمیٹی جو بھی رپورٹ پیش کرے گی اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا ۔