وینزویلا حکومت نے کینسر کی سرجری کے بعد صدر ہوگوشاویز کی تصویر جاری کردی

ہفتہ 16 فروری 2013 22:33

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) وینزویلا کی حکومت نے کینسر کی سرجری کے بعد صدر ہوگوشاویز کی تصویر جاری کردی ۔ تصویر میں اٹھاون سالہ وینزویلا کے رہنما کو مسکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں وہ اخبار پڑھ رہے ہیں اور ان کے پاس ان کی دونوں بیٹیاں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ ہوگوشاویز گزشتہ برس گیارہ دسمبر سے عوام کے سامنے نہیں آئے ہیں۔

صدر شاویز کے کینسر کی تشخیص جون دو ہزار گیارہ میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ تصاویر میں شاویز کو کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کااخبار’گرانما‘ پڑھتے دکھایا گیا ہے۔ان تصویروں کو ٹیلی ویژن پر ان کے داماد اور وزیر سائنس نے پیش کیا۔حکومت نے کہا کہ یہ تصاویر جمعہ کوکو لی گئیں۔وزیر اطلاعات ارنسٹو ویلگاس نے کہا کہ وینزویلا کے صدر ایک ٹیوب کے ذریعے سانس لے رہے ہیں اس لیے انھیں بولنے میں تکلیف ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنے احکام لکھ کر جاری کر رہے ہیں۔

وینزویلا میں شاویز کی صحت کے متعلق طرح طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ طلبا کیراکس میں کیوبا کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں اور چاویس کی صحت کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔