کشیدہ صورت حال، کوئٹہ اور کراچی میں انسداد پولیو مہم موخر

پیر 18 فروری 2013 13:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 18فروری 2013ء ) کوئٹہ اور کراچی کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پیر کوشروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو موٴخر کردیا گیا ۔ کراچی اور کوئٹہ میں غیر یقینی سیاسی صورت حال اور بدامنی کی وجہ سے قومی انسداد پولیومہم موخر کردی گئی۔

(جاری ہے)

حکومت نے کراچی اور کوئٹہ میں سہ روزہ پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم غیر یقینی سیاسی صورت حال اور بدامنی کے سبب یہ پولیو مہم اب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

کراچی میں مجموعی طور پر14 ٹاوٴنز کی 123یونین کونسلوں میں 13لاکھ 29ہزار152 بچوں کو پولیوکی حفاظتی خوراک پلائی جانی تھی۔واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ سال کی آخری پولیو مہم کے دوران پولیو رضاکاروں اور لیڈی ہیلتھ ورکروں کے قتل کے بعد سے اب تک کوئی بھی پولیو مہم نہیں چلائی جاسکی جس کے بعد کراچی کے لاکھوں بچے پولیو وائرس کی زد میں ہیں،کراچی میں یکم فروری کو رواں برس کا پہلا پولیوکیس بھی رپورٹ ہواتھا۔