پشاور ،چارسدہ روڈ پر باراتیوں سے بھری بس نہر میں گرگئی ، 5خواتین اور بچوں سمیت 12افراد جاں بحق ، 20سے زائد زخمی ،8 افراد لاپتہ ،زخمی ہسپتال منتقل ،بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ،صدر اور وزیراعظم کاحادثے پر اظہار افسوس ،زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 22 فروری 2013 18:46

پشاور/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22فروری۔2013ء) پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ پر باراتیوں سے بھری بس نہر میں گرنے سے 5خواتین اور بچوں سمیت 12افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہوگئے،جبکہ 8 افراد لاپتہ ہیں ،زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور دیگر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

جمعہ کو پولیس ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ پر تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں باراتیوں سے بھری بس نہر میں گرنے کے باعث 5 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

حادثے کے فوری بعد امدادی کاروائیاں شرؤع کردی گئیں ،مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متعد د افراد کو نہر سے نکالا ،زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور دیگر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق باراتیوں سے بھری بس مردان جارہی تھی جس میں 35 سے 40 افراد سوار تھے ،حادثہ نہر کے قریب زیر تعمیر ایکسپریس ہائی وے پر پیش آیا،بس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد سوار تھی ،۔نہر میں طغیانی کے باعث بعض افراد پانی میں بہہ گئے جنکی تلاش کا کام جاری ہے،آٹھ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مقامی خوطہ خوروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ بھاری مشینری کی مددسے بس کو نہر سے نکال لیا گیا۔ ،صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔