پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر کے بائیں گھٹنے میں تکلیف بڑھ گئی ، ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ۔ عوام میری صحت یابی کے لئے دعا کریں ،شعیب اختر

اتوار 11 فروری 2007 15:13

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 11فروری2007 ) پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر کے بائیں گھٹنے میں تکلیف بڑھ گئی ہے ۔ جس کے باعث اس کی عالمی کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق اگر شعیب اختر کو آپریشن کی ضرورت پڑی تو انہیں فٹ ہونے کیلئے تین سے چار ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔شعیب اختر کے دونوں گھٹنوں کا آپریشن پچھلے سال فروری میں ہوا تھا، جس کے بعد سے وہ دو بار ہیمسٹرنگ انجری کا شکار بھی ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شائقین سے درخواست کریں گے کہ وہ ان کی صحتیابی کیلئے دعا کریں تاکہ وہ عالمی کپ میں حصہ لے سکیں۔ پاکستان کو عالمی کپ کیلئے اپنی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان تیرہ فروری سے قبل کرنا ہے۔ لیکن شعیب اختر کے علاوہ شبیر احمد، عمر گل اور محمد سمیع کے فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کی وجہ سے اسے مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے اسے ٹیم کا اعلان کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔ لیکن اس کی پہلی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی اس ضمن میں دوسری درخواست بھی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :