ڈینگی سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے، موثر حکومتی اقدامات سے ڈینگی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، زندہ قومیں ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے مستقبل کا تعین کرتی ہیں، ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ہمیں اپنی سماجی عادات کو بدلناہوگا،انسانی جانوں کے تحفظ پر سستی اورلاپرواہی کا تصور نہیں کیا جاسکتا، منتخب نمائندے وسرکاری مشینری مہم کو تحریک کی شکل میں آگے بڑھائیں،معاشرے کے تمام طبقات حکومت کے ساتھ مل کر ڈینگی کے خلاف میدان عمل میں نکلیں،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کایوم انسداد ڈینگی پر پیغام

ہفتہ 23 فروری 2013 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23فروری۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خلاف جنگ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی اور اس موذی وائرس پر مکمل طور پر قابو پانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ڈینگی سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے، عوام کے بھرپور تعاون اور حکومت کے موثر اقدامات سے ڈینگی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

24 فروری کو”انسداد ڈینگی ڈے “ بھرپور اندازسے اس عز م کے ساتھ منایا جارہاہے کہ معاشرے کے تمام طبقات حکومت کے ساتھ مل کر ڈینگی کے خلاف میدان عمل میں نکلیں گے اوراس موذی مرض کے خاتمے کے لئے ایک بار پھر تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔”یوم انسداد ڈینگی “ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ زندہ قومیں ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے مستقبل کا تعین کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے گزشتہ برس 2012 میں بھی بروقت ٹھوس اقدامات کرکے ہزاروں انسانی جانوں کو بچا یاتھا۔ ڈینگی کے خاتمے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرناہے اور ہم سب نے مشترکہ کوششوں سے ڈینگی کو شکست فاش دینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ہمیں اپنی سماجی عادات کوبھی بدلناہوگا۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے معاملے پر سستی ولاپرواہی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کیلئے بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ منتخب نمائندے اور سرکاری مشینری انسداد ڈینگی مہم کو ایک تحریک کی شکل میں آگے بڑھائیں جس میں عام آدمی کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں سرکاری مشینری کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے اور سرکاری افسران ڈینگی کے خلاف مہم میں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت حصہ لیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیمینارز، واکس اور ورکشاپس کا اہتمام کیاگیاہے۔ حکومت کے موثر و فعال اقدامات اورعوام کی احتیاطی تدابیر کے باعث ڈینگی کے مرض میں خاطرخواہ کمی ہوئی اورگزشتہ برس صرف چند سو افراد ڈینگی کے وائرس میں مبتلا ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوئی موت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی ڈینگی کے خلاف مہم جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر ایک قومی مشن کے تحت جاری رکھی جائے گی۔وزیراعلی نے اپیل کی کہ معاشرے کے تمام طبقات ڈینگی سے نمٹنے کیلئے کمربستہ ہوں اور انسداد ڈینگی مہم کے ضمن میں کئے جانے والے حکومتی اقدامات کابھرپورساتھ دیں۔