Live Updates

گذشتہ سال ڈینگی کے خلاف کامیابی، سیاسی قیادت، سرکاری مشینری، عوام اور میڈیا کی مشترکہ جدو جہد کا نتیجہ تھی،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رواں سال بھی ڈینگی پر کنٹرول کیلئے کام کا آغاز کر دیا ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ڈینگی کا خاتمہ کر کے آنے والی حکومتوں کیلئے کامیابی کے اصول وضع کر دئیے،خواجہ سلمان رفیق کااینٹی ڈینگی سیمیناراور واک سے خطاب

اتوار 24 فروری 2013 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24فروری۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ گذشتہ سال ڈینگی کے خلاف بھرپور کامیابی سیاسی قیادت، سرکاری مشینری ، عوام ،طبی ماہرین اور میڈیا کی مشترکہ جدو جہد کا نتیجہ تھی جس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اگرتمام سٹیک ہولڈرزمل کر کام کریں تو پاکستان کو درپیش ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ احسن طریقہ سے کیا جاسکتا ہے- اتوار کویہاں جناح ہال(ٹاؤن ہال)میں یوم انسداد ڈینگی کے موقع پر ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے بڑے سے بڑا مسئلہ بھی آسانی کے ساتھ حل کیا جاسکتا ہے-انہوں نے مزید کہا کہ موسم سرما کے اختتام اور حالیہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ سے ڈینگی کا سیزن شروع ہوجائے گا لہٰذا وزیراعلیٰ پنجا ب کی ہدایت کے مطابق ڈینگی پر ابتداء ہی سے قابو پانے کیلئے اینٹی ڈینگی ڈے منا کر باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام تک یہ پیغام پہنچایا جاسکے کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ڈینگی کے خاتمہ کیلئے بھرپور جذبہ اور پختہ عزم کے ساتھ کا م کرنا ہے- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت شخصیات کے بجائے سسٹم کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی کے خاتمہ کیلئے ایک سسٹم اور گائیڈ لائنز دے کر آنے والی حکومتوں کیلئے کامیابی کے اصول وضع کردئیے ہیں- ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف کامیابی کسی ایک شخص یا محکمہ کی کوششوں کا نتیجہ نہیں بلکہ سیاسی قیادت، سرکاری ملازمین اور لاہور کے ایک کروڑ عوام نے مشترکہ جدو جہد سے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور مستقبل میں بھی اسی جذبہ کو دھرانے کی ضرورت ہے-انہوں نے کہا کہ جس گھر میں جو رہتا ہے اس گھرکی صفائی کا خیال رکھنا اور ڈینگی کی افزائش کے اسباب کا خاتمہ مکینوں کی ذمہ داری ہے- انہوں نے کہا کہ سب کو مل کرڈینگی کے خلاف لوگوں کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے- بعد ازاں یوم انسداد ڈینگی کے حوالے سے ٹاؤن ہال سے فیصل چوک (مال روڈ)تک آگاہی واک منعقد کی گئی جس کی قیادت خواجہ سلمان رفیق ، ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل اور آجاسم شریف ایم پی اے نے کی - واک میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے نعرے درج تھے-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات