شکار پور، روحانی بزرگ حاجن شاہ بخاری کے مزار میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق ، پیرسید حاجن شاہ سمیت 15 زخمی ، صدر زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف کی جانب سے دھماکے کی شدیدمذمت ، واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم

پیر 25 فروری 2013 23:30

شکار پور/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25فروری۔2013ء) شکار پورکے نواحی قصبے لکھی غلام شاہ میں روحانی بزرگ حاجن شاہ بخاری کے مزار میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور گدی نشین پیرسید حاجن شاہ سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کوگھیر ے میں لے لیا،صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔

پیر کو پولیس ذرائع کے مطابق شکارپور کی تحصیل لکھی غلام شاہ کے علاقے میں درگاہ حاجن شاہ ماری میں زوردار دھماکہ ہوا جس میں 3 افراد جاں بحق اور گدی نشین سید حاجن شاہ سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے،دھماکے کے بعد علاقہ مکینوں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا،جہاں بعض افراد کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،درگاہ کے گدی نشین کو لاڑکانہ ہسپتال منتقل کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

عینی شائد کے مطابق دھماکہ درگاہ کے اندر مشکو ک بیگ پھٹنے سے ہوا،ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص درگاہ میں تھیلا رکھ فرار ہوا جسکے بعد دھماکہ ہوا۔بعض اطلاعات کے مطابق مزار کے احاطے میں محفل سماع جاری تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہے۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔

وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔واضح رہے کہ چند روز قبل جیکب آباد میں پیر آف قمبر سید حسین شاہ پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ان کا ایک پوتا جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا تھا جب کہ واقعے کے خلاف اندرون سندھ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :