سیاست کا محور عوامی خدمت ہے،حکومتی اور پارٹی عہدوں کیلئے کوئی جنگ نہیں سب فیصلے مرکزی قیادت کرتی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو کمزور کیا ، حکومت جانے کی باتیں کرنیوالوں سے اختلاف نہیں،پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک بچانے اور چلانے کا تجربہ رکھتی ہے، وزیر صحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان خان کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 26 فروری 2013 14:55

مظفر آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 26فروری 2013ء) وزیر صحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے کہ اقتدار کو پروٹوکول نہیں عوامی خدمت کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں۔حکومتی اور پارٹی عہدوں کیلئے کوئی جنگ نہیں سب فیصلے مرکزی قیادت کرتی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کی قربانیوں کے نتیجہ میں آج ملک میں جمہوریت پھیل پھول رہی ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک بچانے اور چلانے کا تجربہ رکھتی ہے، آمدہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مالیاتی بحران کے ساتھ اقتدار ملا لیکن ہم نے عوامی فلاح وبہبود اور تعمیروترقی کے عمل کو روکا نہیں تمام اضلاع میں عوامی نوعیت کے اہم پراجیکٹس پر کام شروع ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو کمزور کیا جس کی سب سے بڑی مثال محکمہ اے کے ایم آئی ڈی سی ہے جوکہ آزاد کشمیر کا منافع دینے والا سب سے بڑا ادارہ ہے لیکن اس پر توجہ صرف بیرون ملک دوروں اور عیاشیوں کے لئے دی گئی جس کی وجہ سے یہ ادارہ تباہی کے دھانے پر کھڑا تھا جسے ہم نے خسارے سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پہاڑ ہمارے لئے قدرت کے خزانے ہیں جن کے ذریعے ہم اپنے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کا تعلق براہ راست انسانی زندگیوں سے ہے جس میں غفلت برداشت کرنے سے مراد ظلم کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونے کے مترادف ہے سول ڈسپنسری سے لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں جہاں جہاں عوامی شکایات ہیں ان کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا اور ضرورت کے مطابق ردوبدل بھی کریں گے جو افیسر جہاں بہتر خدمات سرانجام دے سکتا ہے اسے وہاں تعینات کریں گے۔

سردار قمر الزمان خان نے کہا کہ جو لوگ حکومت کے جانے کی باتیں کررہے ہیں ان سے اختلاف نہیں وہ صحیح کہہ رہے ہیں کہ ہم ساڑھے تین سال بعد چلے جائیں گے اور مخالفین یاد رکھیں گے ہم صرف تین ماہ کے لئے جائیں گے اور عوامی عدالت سے دوبارہ سرخرو ہوکر دوبارہ 5 سال کے لئے آجائیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی کے راستے کی دیوار اب کوئی آمر نہیں رہا اور نہ کبھی آئے گا اور عوام کا اعتماد ہمیشہ کی طرح پیپلزپارٹی کو حاصل رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی پاکستان ، آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق دلانے کیلئے دنیا کے تمام فورمز پر کشمیری عوام کا کیس بھرپور طریقے سے لڑے گی۔(ہاشمی)

متعلقہ عنوان :