جھنگ ،موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ڈینگی کے پھیلاؤکا بھی شدید خطرہ پیدا ہو گیا،شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، ابلتے گٹر ، بند نالیاں اور گندے پانی کے جوہڑ عوام کیلئے پریشانی کا باعث بن گئے،ٹی ایم اے جھنگ کے متعلقہ حکام سمیت انتظامی افسران خاموش تماشائی بن گئے

بدھ 27 فروری 2013 18:52

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27فروری۔2013ء) جھنگ میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ڈینگی کے پھیلاؤکا بھی شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، ابلتے گٹر ، بند نالیاں اور گندے پانی کے جوہڑ عوام کیلئے اضطراب کا باعث بن گئے ہیں تاہم اس کے برعکس ٹی ایم اے جھنگ کے متعلقہ حکام سمیت ضلعی انتظامی افسران بھی خاموش تماشائی بن گئے ہیں اور انہوں نے زبانی جمع خرچ کے علاوہ تاحال کوئی عملی اقدام نہ اٹھایا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب سے موجودہ تحصیل میونسپل آفیسر اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے جھنگ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس وقت سے عملی طور پر شہر کا بیڑہ غرق ہو کر رہ گیاہے۔ ٹی ایم اے کے سینٹری سٹاف کے بارے میں معلوم ہواہے کہ ٹی ایم اے نے مختلف ارکان اسمبلی ، بعض کالعد م تنظیموں سمیت چند دیگر اہم شخصیات اور کچھ بیوروکریٹس کے پروردہ سینکڑوں وائٹ کالر بابو بطور سینٹری ورکر بھرتی کر رکھے ہیں جو جھاڑو اٹھاکر صفائی کیلئے گلیوں ، بازاروں میں آنا اپنی توہین تصور کرتے ہیں نیز ان سینکڑوں وائٹ کالر بابوؤں میں سے بڑی تعدا دمیں افراد مختلف کاروبار کرتے و دیگر امور سرانجام دیتے نظر آتے ہیں اسی طرح بہت بڑی تعداد میں ٹی ایم اے کے سینٹری ورکرز اعلیٰ افسرا ن کے گھروں پر پرائیویٹ ڈیوٹی بھی سر انجام دے رہے ہیں جس کے باعث شہر میں عملی طور پر صفائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیاہے۔

(جاری ہے)

اس پر رہی سہی کسر مشکوک اسناد پر بطور سینٹری انسپکٹر فرائض سر انجام دینے والے اہلکاروں اور کرپٹ ترین چیف سینٹری انسپکٹر نے پوری کر دی ہے جو سینٹری ورکرز سے ماہانہ بھتہ لے کر انہیں ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیئے ہوئے ہیں جبکہ ستم ظریفی یہ کہ ضلعی حکومت کے اعلیٰ انتظامی افسران ، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے جھنگ اور تحصیل میونسپل آفیسر سمیت کسی ذمہ دار افسر نے کبھی شہر کے اندرونی علاقوں کا دورہ کر کے سینٹری سٹاف کی حاضری چیک کرنے ، ان کی کارکردگی کے جائزہ اور صورتحال کا ذاتی طور پر معائنہ کرنے کی زحمت گوارہ نہ کی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام اپنے دفاتر میں بیٹھ کر میٹنگز میں کاغذی خانہ پری میں مصروف ہیں لیکن عملی طور پر کوئی قدم دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے ٹی ایم اے جھنگ کے مبینہ نااہل افسران کے فوری تبادلہ کا بھی مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :