ڈاکٹر طاہر القادری طبی معائنے کیلئے کینیڈا روانہ ،11مارچ کو وطن واپسی ہوگی،جس طرح قوم کو الیکشن ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے اس طرح مجھے بھی نظر نہیں آتے، طاہر القادری

بدھ 27 فروری 2013 18:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27فروری۔2013ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری طبی معائنے کیلئے کینیڈا روانہ ،11مارچ کو وطن واپسی ہوگی اور وہ 13مارچ کو عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائیگا ۔اسکا باضابطہ اعلان 17مارچ کو راولپنڈی میں جلسہ عام میں کیا جائیگا۔

کینیڈا روانگی سے قبل ڈاکٹر طاہر القادری نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ طبی معائنے کیلئے کئی مہینے پہلے تاریخ لی جاتی ہے اورمیں نے اپنے چیک اپ کے تین ہفتے کے شیڈول کر کے کم کرا کر ایک ہفتہ کرایا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انتخابی نظام میں اصلاحات کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے ہماری تجاویز پر عملی اقدامات ہماری بڑی کامیابی ہے ، اس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں خفا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیارہ مارچ کو وطن واپس آ کر نئے جذبے سے اپنی تحریک کا دوبارہ آغاز کرونگا۔طاہر القادری نے کہا کہ ایم کیو ایم اتحاد کی خواہشمند ہے تاہم اس بات کا فیصلہ 13مارچ کو ہونے والے فیڈرل کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا اور اس بات کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لیا جائے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کا انعقاد گزشتہ انتخابات کی طرز پر ہوا تو ملک کامستقبل تاریک نظر آتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح قوم کو الیکشن ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے اس طرح مجھے بھی الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے۔