سرکاری ملازمین کو ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس بلا تاخیر اجراء کیا جائے، فلیکسی لون لے کر ملازمین شرح سود زیادہ ہونے کی وجہ سے مقروض در مقروض ہو چکے ہیں‘ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مرکزی تنظیم غیر جریدہ ملازمین سید یونس بخاری کا اجلاس سے خطاب

پیر 4 مارچ 2013 17:03

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 4مارچ 2013ء ) ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مرکزی تنظیم غیر جریدہ ملازمین سید یونس بخاری نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس بلا تاخیر اجراء کیا جائے، فلیکسی لون لے کر ملازمین شرح سود زیادہ ہونے کی وجہ سے مقروض در مقروض ہو چکے ہیں۔ وہ پیر کو ملازمین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوبیل آؤٹ پیکج مل گیا ہے اس لیے گزشتہ کئی سالوں سے ملازمین کے بند ایچ بی اے کو فوری طور پر واگزار کیا جائے۔

(جاری ہے)

اکثرملازمین نے پہلی قسط لے کر مکان کا میٹریل وغیرہ منگوایا اور دوسری قسط نہ ملنے کی وجہ سے ان کی مکان کی تعمیر نہ ہو سکی اور میٹریل وغیرہ ضائع ہونے سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین نے ایچ بی اے نہ ملنے کی وجہ سے بنکوں سے فلیکسی لون لے رکھا ہے۔ جس پر شرح سود کئی گنا زیادہ ہے۔ ملازمین کی تنخواہیں قرض کی واپسی میں ہی ختم ہو جاتی ہیں اور ملازمین مقروض در مقروض ہوگئے ہیں۔اجلاس میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے کی طرح ملازمین دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ملازمین کے مسائل حل کرے۔