اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت نے صوبہ کو دہشت گردی اور بے روزگاری کے حوالے کردیا ہے،پختونوں کے سروں پر ڈالر کمانیوالوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے،جماعت اسلامی برسراقتدار آکر وی آئی پی کلچر ختم کردیگی،جماعت اسلامی کے دور اقتدار میں سکول میں طالب علم اور ہسپتال میں مریض وی آئی پی ہوگا، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق کا علی زئی میں عوامی اجتماع سے خطاب

پیر 4 مارچ 2013 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4مارچ۔2013ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہاہے کہ اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت نے صوبے کو بدامنی ،دہشت گردی اور بے روزگاری کے حوالے کردیا ہے۔پختونوں کے سروں پر ڈالر کمانیوالوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔جماعت اسلامی برسراقتدار آکر وی آئی پی کلچر ختم کردیگی۔

جماعت اسلامی کے دور اقتدار میں سکول میں طالب علم وی پی آئی ہوگااور ہسپتال میں مریض وی آئی پی ہوگا ۔ وہ پیر کو یہاں موضع علی زئی (پی کے8پشاور)میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اوراین اے 3پشاور نے نامزد اُمیدواراسراراللہ خان ایڈووکیٹ اور پی کے 8پشاور سے نامزد اُمیدوار فضل اللہ داؤدزئی اور زونل امیر محمد الیاس فاروقی اور قاری مظفر شاہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے مزید کہاکہ ملک میں روزانہ 8ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہورہی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ پاکستان کو اہل اور دیانتدار قیادت صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کرسکتی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملاتو نہ صرف پاکستان نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔بلکہ دوسرے ممالک سے لوگ روزگار کی تلاش میں پاکستان آئیں گے۔

اُنہوں نے کہاکہ مختصر عرصے میں جماعت اسلامی پاکستان کوقرض لینے والے ملک کی بجائے اسے دوسرے ممالک کو قرض دینے والاملک بنادیں گے۔اُنہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی میں بڑے پیمانے پر عوامی شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔جو جماعت اسلامی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اور این اے 3سے نامزد اُمیدواراسرارللہ خان ایڈووکیٹ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ تعالیٰ صوبے میں آئندہ حکومت جماعت اسلامی بنائیگی۔

اُنہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی صوبے میں یکساں نظام تعلیم رائج کریگی۔غریبوں اور امیروں کے بچے ایک ہی سکول میں تعلیم حاصل کرینگے۔ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج فراہم کریں گے۔جماعت اسلامی پی کے 8پشاور کے نامزداُمیدوارفضل اللہ داؤدزئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی کے 8جماعت کا گڑھ ہے۔اُنہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی صوبے کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔قبل ازیں سراج الحق کا موضع علیزئی پہنچنے پر شاند اراستقبال کیا گیا۔