کراچی ‘ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اوردیگر ملزمان پرفرد جرم عائد کردی ‘ غیر حاضر ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر پولیس کو گرفتار کرنے کی ہدایت ‘ ملزمان کا صحت جرم سے انکار

جمعرات 7 مارچ 2013 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 7مارچ 2013ء) کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اوردیگر ملزمان پرفرد جرم عائد کرتے ہوئے دیگر پیش نہ ہونے والے ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر پولیس کو انہیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے‘ ملزمان کا صحت جرم سے انکارکر دیا‘عدالت نے (آج) جمعہ کو تمام گواہان کو شہادت کیلئے طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ نے دہشت گردی کی عدالت کو سات روز میں مقدمہ کا فیصلہ سنانے کا حکم دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی انسدادہ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کی سماعت کی۔ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کے علاوہ سراج تالپور،سجاد تالپور، غلام مرتضیٰ لاشاری عدالت میں پیش ہوئے تو ان پر فرد جرم عائد کی گئی جس پر تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔ عدالت نے عدم حاضری پردیگرملزمان کواشتہاری قراردے کرپولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام گواہان کو شہادت دینے کیلئے طلب کرلیاہے۔