پرویزالٰہی نے کاغذی منصوبوں سے اپنی جیبیں بھریں ،پنجاب کو کنگال کردیا، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی وزیراعلیٰ نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ،مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت سے (ق)لیگ کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ،صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان کابیان

جمعہ 8 مارچ 2013 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8مارچ۔ 2013ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چوہدری برادران نے آمر کے ساتھ مل کر جمہوری حکومت پر شب خون مار کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اب وہ زربابا کی گود میں بیٹھے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، پرویزالٰہی نے اپنے دور حکومت میں کاغذی منصوبے بنا کر اپنی جیبیں بھریں اور پنجاب کو کنگال کرکے رکھ دیا، مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے چوہدریوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور آئندہ انتخابات میں عوام آمر کی آواز پر لبیک کہنے والے موقع پرستوں کے ٹولے کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔

جمعہ کواپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لوٹا برادران کی ساری سیاسی زندگی ابن الوقتی اور مفادپرستی سے عبارت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ اقتدار کی ہوس میں مبتلا چند سیاستدان نما لوگوں کا ٹولہ ہے اور چوہدری برادران اس ٹولے کے سرغنہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی اینڈ کمپنی ذاتی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑتے لڑتے ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ میرٹ اور شفافیت حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ عالمی اداروں نے بھی اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک ایک پائی شفاف انداز میں استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے اور تین منصوبوں کی شفافیت جانچنے کیلئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔