کراچی ،شمائل گارڈن میں کھارے و مضر صحت پانی کی فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 9 مارچ 2013 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9مارچ۔ 2013ء) گلستان جوہر میں مضر صحت پانی کی فراہمی کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس موقع پر شمائل گارڈن ،گلستان جوہر بلاک 19کے مکینوں نے کہا کہ شمائل گارڈن میں کھارے ومضر صحت کی فراہمی سے درجنوں افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ مکینوں کو گزشتہ کئی ماہ سے مضر صحت بورنگ کا کھارا پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد پیٹ و گردوں کے امراض اور ہیپاٹائیٹس Cمیں مبتلا ہو گئے ہیں اور وہ ہسپتالوں میں اپنا علاج کروانے میں مجبور ہیں حکومت صورتحال کا فوری نوٹس لے ۔

مکینوں نے کہا کہ شمائل گارڈن کے رہائشیوں سے ماہانہ ایک ہزار ورپے مینٹیننس فیس وصول کی جا رہی ہے لیکن اپارٹمنٹ کی مینٹیننس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور صحت و صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔

(جاری ہے)

شمائل گارڈن میں میٹھے پانی کی لائن جان بوجھ کر کٹوا دی گئی ہے تاکہ واٹر ٹینکر سے پانی کی خریداری کا بہانہ کیا جا سکے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ واٹر ٹینکر سے میٹھا پانی خریدنے کے بجائے بورنگ کا مضر صحت پانی ٹینکروں میں بھر کر لا کر مکینوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شمائل گارڈن کی یونین کی انتظامیہ کے سربراہ آفاق ملک مکینوں کی شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لے رہے ہیں۔ یونین کے عہدیداران مینٹیننس کی مد میں وصول ہونے والی رقم کا بیشتر حصہ ہڑپ کر جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بد عنوان عہدیداران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، عہدیداران کو پابند کیا جائے کہ وہ شمائل گارڈن میں میٹھے پانی کی لائن کو چالو کروائیں اور مکینوں کو کھارا پانی قطعی فراہم نہ کریں بصورت دیگر کسی جانی نقصان کی ذمہ دار شمائل گارڈن کی یونین اور عہدیداران ہونگے۔

متعلقہ عنوان :