قوم کی تمام تر توجہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر ہونی چاہئے ۔کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ، ایٹم کے ذریعے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا گیا ، بد قسمتی سے تعلیم کی طرف اتنی توجہ نہیں دی جا سکی جتنی ضرورت تھی ، قوم کو صوبائیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ہو گا، بد امنی اور تعصبات سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں،تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ایٹمی سائنسدان و قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان کا گورنمنٹ وقار النساء گرلزپوسٹ گریجویٹ کالج ،راولپنڈی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

منگل 12 مارچ 2013 20:46

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12مارچ۔ 2013ء) تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ایٹمی سائنسدان و قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ قوم کی تمام تر توجہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر ہونی چاہئے ۔کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ، ایٹم کے ذریعے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا گیا لیکن بد قسمتی سے تعلیم کی طرف اتنی توجہ نہیں دی جا سکی جتنی کے ضرورت تھی ، قوم کو صوبائیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔

کیونکہ بد امنی اور ایسے تعصبات سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔ وہ منگل کو یہاں گورنمنٹ وقار النساء گرلزپوسٹ گریجویٹ کالج ،راولپنڈی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کررہے تھے ۔رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ہمایوں اقبال، پرنسپل ادارہ پروفیسر ڈاکٹر سائرہ مفتی ، ڈاکٹر نذیر ، کرنل ادریس ، راجہ ارشد محمود،اساتذہ ،والدین اور طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ بیٹیاں والدین سے بیٹوں سے زیادہ پیار کرتی ہیں، بچیوں کی تعلیم پر توجہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بہتری کا باعث ہیں۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ بحیثیت پاکستانی اور مسلمان اپنی ثقافت کو نہ بھولیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم کے میدان میں محمد شہباز شریف نے جتنی دلچسپی لی ہے اتنی ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ذاتی وقار کو ملکی مفاد پر قربان کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کے لئے جو کام جنرل ضیاء الحق نہ کر سکے وہ نواز شریف نے کر دکھایا اور کسی قسم کے بیرونی اور اندورنی دباؤ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر دیئے ، مگر ناقابل تسخیر ہونے کے باوجود ہم آج بھی پسماندگی ، بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں۔

انہوں نے محمد حنیف عباسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ان جیسے چند لوگ ہمیں اور مل جائیں تو ملک کے حالات بدل سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ ملک کو برباد کیااور ایک آمر ایٹمی دھماکوں کی جرات نہ کر سکا مگر نواز شریف کی جرات کو سیلوٹ کرتے ہیں کہ انہوں نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں آنے والی نسلوں کے لئے کون سے حکمرانوں کا چناؤ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام نے ہمیں اپنے اعتماد سے نوازا تو ہم اقتدار میں آ کر سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے طلبا و طالبات کو لیب ٹاپ، سکالرشپ ، سولر لیمپ اور دانش سکول دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سنوارنے کے لئے فرقہ واریت ، لسانیت اور علاقائیت جیسے ناسور ختم کرنے کے لئے65 سال قبل والا نعرہ کہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ ، لگانا ہو گا۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ہمایوں قبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے اور ان کی تعلیم میں ترقی کا مطلب قوم اور ملک کی ترقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کا م کر رہی ہیں۔قبل ازیں پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر سائرہ مفتی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اورتعلیمی میدان میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ادارے میںآ مد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔