ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا سپیکر بن کر قوم پر احسان عظیم ، قوم فہمیدہ مرزا کے مرتے دم تک ان کے احسان کا بدلہ چکائے گی ،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے فہمیدہ مرزا کی طرف سے دفتر اپنے لئے خود منظور کردہ تاحیات بھاری مراعات کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا،افہمیدہ مرزا کو تاحیات پرائیویٹ سیکرٹری، ٹیلی فون آپریٹر، ویٹر، ڈرائیور اور نائب قاصد میسر رہیں گے ،پٹرول سمیت 16سو سی سی کار، گھر چلانے کیلئے ایک لاکھ ماہانہ خرچہ ملے گا، تاحیات طبی سہولتیں حاصل ہوں گی،بیرون ملک علاج کا خرچ حکومت برداشت کرے گی،فہمیدہ مرزا کی مراعات سے 6سابق سپیکرز بھی مستفید ہوں گے

جمعہ 15 مارچ 2013 19:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15مارچ۔ 2013ء) اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی جانب سے دفتر چھوڑنے سے دو دن پہلے اپنی زیر صدرات ہونے والے قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے آخری اجلاس میں تاحیات بھاری مراعات کی منظوری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ،انہیں تاحیات پرائیویٹ سیکرٹری، ٹیلی فون آپریٹر، ویٹر، ڈرائیور اور نائب قاصد میسر ہوں گے،سولہ سو سی سی کار، پیٹرول اور ایک لاکھ خرچہ بھی ملے گا، سپیکر قومی اسمبلی کو طبی سہولیات بھی حاصل ہوں گی،بیرون ملک علاج کا خرچ بھی حکومت برداشت کرے گی،ان مراعات پر کروڑوں روپے خرچ ہوں گے، فہمیدہ مرزا اور چھ سابق سپیکرز ان مراعات سے مستفید ہوں گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو تاحیات پرائیوٹ سیکریٹری اور ڈرائیور سمیت 5سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل رہیں گی ۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی کے پاس سولہ سو سی سی سرکاری گاڑی اور پٹرول بھی ملے گا ۔ نوٹیفیکشن کے مطابق اندرون ملک اور بیرون ملک علاج معالجے کی سہولیات بھی سپیکر صاحبہ کومیسررہیں گی ۔ اسکے علاوہ ایک لاکھ کا خرچ بھی انکی مراعات میں شامل ہوگا ۔فہمیدہ مرزا نے اجلاس میں جن دوسرے سابق سپیکرز کو مراعات کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ان میں صاحبزادہ فاروق علی خان، فخر امام، الہی بخش سومرو، حامر ناصر چٹھہ، چودھری امیر حسین اور یوسف رضا گیلانی شامل ہیں۔