جو پودا قائد تحریک الطاف حسین نے29 برس پہلے لگایا تھا اب وہ تناور درخت بن چکا ہے ،غریب متوسط طبقے کے لوگ تیزی کے ساتھ اس کی چھاؤں کو محسوس کر رہے ہیں ، دہشت گردوں کی جانب سے حیدر آباد میں ہمارے ساتھیوں کو شہید کرنا ہمارے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے،ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر فارق ستار کا تجدید عہد وفا کی تقریب کے شرکاء سے خطاب

پیر 18 مارچ 2013 20:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18مارچ۔ 2013ء) ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر فارق ستار نے حیدر آباد سائٹ میں ایم کیوایم آفس پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے تین کارکنان کی شہادت کی سخت ترین الفاظ مذمت کر تے ہیں کہاہے کہ جب کل ایم کیو ایم میر پور خاص میں تاریخ سازجلسہ منعقد کرنے جارہی ہے جس کو ہم نے جلسہ یکجہتی کانام دیا ہے ۔

اس وقت میں ہمارے حوصلے پست کرنے کیلئے سفاک قاتلوں نے ایک شب خون مارا اور ہمارے ساتھیوں کو شہید کر دیا ۔ وہ ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیرو پر ایم کیوایم کے 29ویں تاسیس کے موقع پر تجدید عہد وفا کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ آج 18مارچ اور ایم کیوایم کا 29واں یوم تاسیس ہے گویا کہ جو پود ا قائد تحریک الطاف حسین نے 29برس پہلے لگایا تھا اب وہ تناور درخت بن چکا ہے پاکستان کی تمام مظلوم ومحکوم طبقے تک اس کی ٹھنڈک اور چھاؤں بتدریج پہنچ رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے طول عرض میں بسنے والے مظلوم قائد تحریک اور تحریک کے سائے تلے جمع ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غریب متوسط طبقے کے لوگ بہت تیزی کے ساتھ انقلاب کی تیاری کررہے ہیں۔ جیسے جیسے مظلوم متحد ہورہے ہیں ویسے ویسے سازش عناصر اپنی سازشوں کا دائرہ بڑھا رہے ہیں اور سفاک قاتل ملک میں قتل و غارتگری کا بازار گرم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حیدر آباد میں ہمارے ساتھیوں کو شہید کرنا ہمارے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے جہاں ہم یوم تاسیس کی خوشی منا رہے ہیں وہیں شہیدہونے والے ساتھیوں کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں اوران کے اہل خانہ سے تعزیت اوریکجہتی کااظہار کر تے ہیں۔

انہوں نے زخمی ہونے والے کارکن کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے کہاکہ کل ہونے والے جلسہ میں الطاف حسین سندھ کے مظلوموں کوامن و یکجہتی کاپیغام اور ایک نئے انقلاب کی نوید دیں گے۔