Live Updates

پاکستان میں جنگل کاقانون ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا محاورہ نافذ العمل ہے ،فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے 23مارچ کو مینار پاکستان لاہو رمیں کرپٹ سیاستدانوں اور عوامی جنون کے درمیان پانی پت کی جنگ ہو گی، عوام نظام بدلنے کی فیصلہ کن جنگ میں شرکت کیلئے کمر باندھ لیں، تحریک انصاف برسراقتدار آ کر معذور افراد کو معاشرے کا کار آمد حصہ بنائے گی، اسلام نے معذوروں اور کمزو رطبقوں کیلئے تاریخ میں پہلی بار پالیسیاں دیں ، مسلمانوں نے ترک اور مغرب نے اختیار کر لیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاتقریب سے خطاب

پیر 18 مارچ 2013 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18مارچ۔ 2013ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 23مارچ کو مینار پاکستان لاہو رمیں کرپٹ سیاستدانوں اور عوامی جنون کے درمیان پاکستان کے فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے پانی پت کی فیصلہ کن جنگ ہو گی، عوام نظام بدلنے کی فیصلہ کن جنگ میں شرکت کیلئے کمر باندھ لیں، تحریک انصاف برسراقتدار آ کر معذور افراد کو معاشرے کا کار آمد حصہ بنائے گی، اسلام نے معذوروں اور کمزو رطبقوں کیلئے تاریخ میں پہلی بار پالیسیاں دیں جنہیں مسلمانوں نے ترک اور مغرب نے اختیار کر لیا۔

وہ پیر کو یہاں اسلام آباد کے ایک مقامی ہوتل میں پی ٹی آئی کی معذور افراد بارے پالیسی کے اعلان کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر اسرار شاہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ پی ٹی آئی پالیسی ونگ کے سربراہ جہانگیر خان ترین اور دیگر مرکزی رہنما بھی موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر انسان کو حیوانیت سے بلند کر اشرف المخلوقات بنانے آئے ۔

انصاف اور زیر دستوں کے حقوق کا تحفظ انسانوں کو حیوانوں سے جدا کرتا ہے انسان جب تک انصاف نہ کر سکے وہ انسان نہیں کہلا سکتا۔ طاقت کے زور پر فیصلے کرنا حیوانیت ہے۔ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست مسلمانوں نے مدینہ میں قائم کی او راسی ریاست نے معذوروں ، کمزور، یتیموں اور بیواؤں سمیت انسا نی حقوق کا سب سے پہلے چارٹر دیا۔ سوشل سیکیورٹی اور پنشن بھی دنیا میں مدینے کی اسلامی ریاست نے متعارف کروائی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ اسلام نے کمزوروں اور معذوروں کیلئے جو پالیسیاں قرآن و حدیث کے اندر جاری کیں انہیں مسلمانوں نے ترک کر دیا جبکہ مغرب نے انہیں اختیار کرلیا۔ مغرب نے معذوروں کو اپنے معاشرے کو مفید حصہ بنایا اور انہیں خصوصی مراعات دیں لیکن ہم نے ان کے بارے اسلامی تعلیمات فراموش کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا محاورہ نافذ العمل ہے جس کی وجہ سے معذور اور زیر دست طبقے پس رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف عوام کے ساتھ وعدہ کرتی ہے کہ برسر اقتدار آ کر معذور افراد کیلئے اپنی پالیسی پر سو فیصد عمل کر کے دکھائے گی جس طرح ہم نے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی بارے اپنے وعدے پورے کئے ۔ انہوں نے کہاکہ شوکت خانم دنیا کا واحد کینسر ہسپتال ہے جو 70 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے۔ نمل یونیورسٹی میں 90 فیصد طالب علموں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے او روہ بریڈ فورڈ یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 23 مارچ کو لاہور مینار پاکستان میں اس نظام کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ لڑی جائے گی۔ جس میں بدعنوان سیاستدانوں کو عبرتناک شکست ہو گی عوامی جنوں او رکمزور اور زیر دست طبقوں کی یلغار کے سامنے مفاد پرست اور بدعنوان سیاستدان نہیں ٹھہر سکیں گے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ لاہور کے جلسے میں معذور افراد کے لئے ایک خصوصی نکلیوژر بنایاجائے گا۔

اسرار شاہ نے کہا کہ معذور افراد حقوق ملے بغیر مین سٹریک میں نہیں آ سکتے۔ پی پی پی اور (ن) لیگ نے آئینی ترامیم کی کمیٹی میں معزوروں کیلئے ملازمتوں میں کوٹے کی مخالفت کی ۔ زرداری نے پاکستان کو اس طرح لوٹا جیسے نادر شاہ نے دہلی کو لوٹا تھا۔ زرداری نے نہ صرف میری وہیل چیئر چرائی بلکہ ملک کی معیشت کو بھی وہیل چیئر پر ڈال دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات