سیکرٹری صحت کی زیر صدارت ڈینگی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس‘ڈینگی کی روک تھام کیلئے ویکٹر سرویلنس مزید تیز کرنے کی ہدایت، اجلاس میں ڈینگی مچھر پر ریسرچ کرنے کیلئے فوری طور پر مجوزہ ایکشن پر عملدرآمدشروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا

جمعہ 22 مارچ 2013 17:09

لاہو ر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 22مارچ 2013ء) سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ویکٹر سرویلنس کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور جن ٹاؤنز سے ڈینگی مچھر کا لاروا رپورٹ ہوا ہے وہاں ٹارگٹ انڈور سپرے کرایا جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار احمد چیمہ ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حامد بٹ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر معاذ احمد، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ (ویکٹر بارن) ڈاکٹر جعفر الیاس، پروفیسرمحمد علی سروسز ہسپتال، ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر زاہد پرویز ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر ریحانہ ملک، ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمد محسن، ای ڈی او لاہور ڈاکٹر انعام الحق، ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ظفر گوندل، ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ ڈاکٹر رفیق خان، ای ڈی او صحت فیصل آباد ڈاکٹر عبدالرؤف، ای ڈی او صحت ننکانہ صاحب ڈاکٹر مشتاق ، ای ڈی او صحت ملتان افتخار قریشی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ماہرین نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے صورتحال ابھی غیر معمولی نہیں لہٰذا ڈینگی کی روک تھام کیلئے ابھی تھرمل فوگنگ شروع کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ لاروا کے خاتمہ کیلئے ٹیکنیکل طریقہ اختیار کیا جائے اور علاقے میں ٹارگٹ انڈور سپرے کی حکمت عملی اختیار کی جائے۔سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فوری طور پر سمن آباد، شالا مار، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں ٹارگٹ انڈور سپرے شروع کرے اور سرکاری عمارات اور سکولوں کے اندر مچھر مار سپرے کرایا جائے۔

عارف ندیم نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس اور ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ کے دیگر انتظامات کی انسپکشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزر گروپکی ترمیم شدہ گائیڈ لائنز تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو فوری طور پر بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈینگی مچھر پر ریسرچ کرنے کیلئے فوری طور پر مجوزہ ایکشن پر عملدرآمدشروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :