خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بعد مردوں کے حقوق کا بل بھی آنا چاہیے،وفاقی وزیر صحت،اس وقت ملک میں ڈینگی وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے،حکومت نے مچھروں کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں،اس وقت تین ہزار تین پاکستانی بیرون ممالک جعلی دستاویزات کے الزام میں گرفتار ہیں،خسرو بختیار، حکومت بیرون ملک گرفتارافراد کو قانونی مدد فراہم کر رہی ہے،پاکستان،ترکی ، ایران، عمان اور یونان کی مشترکہ کمیٹی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل تیار کر رہی ہے،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران گفتگو

جمعہ 16 فروری 2007 20:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2007ء) وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کررہی ہیں، اب خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بعد مردوں کے حقوق کا بل آنا چاہیئے ،اس وقت ملک میں ڈینگی وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے ،جبکہ امور خارجہ کے وزیر مملکت مخدوم خسرو بختیار نے قومی اسمبلی میں کہا کہ دفتر خارجہ نے اسپین کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ میڈرڈ کے قریب تارکین وطن کا بحری جہاز انسانی بنیادوں پر لنگر انداز ہونے دے،اس وقت تین ہزار تین پاکستانی بیرون ممالک جعلی دستاویزات کے الزام میں گرفتار ہیں، حکومت بیرون ملک گرفتارافراد کو قانونی مدد فراہم کر رہی ہے،پاکستان،ترکی ، ایران، عمان اور یونان کی مشترکہ کمیٹی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل تیار کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران محمد نصیر خان نے کہا کہ ملک میں خواتین ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کررہی ہیں، اب خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بعد مردوں کے حقوق کا بل آنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں نصیر خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں ڈینگی وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے ، حکومت نے مچھروں کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔

ایک سوال پر مخدوم خسرو بختیار نے ایوان کو بتایا کہ دفتر خارجہ نے اسپین کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ میڈرڈ کے قریب تارکین وطن کا بحری جہاز انسانی بنیادوں پر لنگر انداز ہونے دے۔انہو ں نے کہا کہ بحری جہاز میں پاکستانیوں کی موجودگی کا پتہ لگتے ہی ان کی رہائی اور وطن واپسی کی کوششیں شروع کر دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت تین ہزار تین پاکستانی بیرون ممالک جعلی دستاویزات کے الزام میں گرفتار ہیں، جنہیں حکومت کی جانب سے قانونی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان،ترکی ، ایران، عمان اور یونان کی مشترکہ کمیٹی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل تیار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 2234 ،سعودی عرب میں 393،ملائیشیا میں 213،بھارت میں 5اور جاپان میں 42پاکستانی گرفتار ہیں۔پارلیمانی سیکریٹری برائے خوراک و زراعت رجب علی بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے گنے کی امدادی قیمت 60سے 65 روپے رکھی ہے جبکہ سندھ میں یہ قیمت پنجاب سے 7روپے زیادہ ہے۔