Live Updates

عمران خان اندھیرے کا تیر ثابت ہوسکتے ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف کو کرکٹ کے دیوانے پاکستان میں افسانوی حیثیت حاصل ہے، عمران خان کے بیشتر حمایتی شہروں کے نوجوان اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں ،امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی پاکستان کی سیاسی صورتحال سے متعلق جائزہ رپورٹ

پیر 25 مارچ 2013 20:50

لاہور/ واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25مارچ۔2013ء) موقرامریکی اخبار” واشنگٹن پوسٹ “نے کہا ہے کہ پاکستان میں جہاں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچتی جارہی ہیں وہیں تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھر رہے ہیں جو اندھیرے کا تیر ثابت ہوسکتے ہیں۔پیر کو پاکستان کی سیاسی صورتحال سے متعلق اپنی ایک جائزہ رپورٹ میں اخبار نے لکھا کہپاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں کم از کم ڈیڑھ لاکھ افراد کے جلسہ نے پاکستانی سیاست میں کئی برس سے جدوجہد کرنے والے 60سالہ عمران خان کو بڑا اسٹیک ہولڈر ثابت کردیا ہے۔

اب وہ دونوں بڑی جماعتوں کے اقتدار کے لیے ایک خطرے کی حیثیت سے دیکھے جارہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان کو کرکٹ کے دیوانے پاکستان میں افسانوی حیثیت حاصل ہے کیونکہ وہ 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان تھے اور اب وہ اس ملک کے مقبول ترین رہنماں میں سے ایک ہیں تاہم 11مئی کو معلوم ہوگا کہ وہ اپنی مقبولیت کو کس حد تک عوامی حمایت میں تبدیل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے بیشتر حمایتی شہروں کے نوجوان اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت پاکستان میں نصف سے زائد ووٹرز 35سال سے کم عمر ہیں لیکن اب بھی سوال ہے کہ کیا عمران خان اپنے نوجوان حامیوں کو پولنگ بوتھ پر لاسکیں گے؟ ۔رپورٹ کے مطابق شفاف امیج رکھنے والے عمران خان پاکستانی سیاست کے مرکزی دھارے میں گزشتہ 18ماہ کے دوران ابھرے ہیں اور ان کا نعرہ ہے کہ ملک سے استحصالی سیاستدانوں کا خاتمہ کیا جائے جبکہ خارجہ پالیسی میں وہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے غیرمقبول اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

رپورٹ میں مینار پاکستان کے جلسے میں شریک ہونے والے ایک طالب علم نے کہا کہ ہم کرپشن کا خاتمہ، انصاف کا حصول، وافر بجلی چاہتے ہیں اور عمران خان ہی یہ سب کچھ کرسکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات